لاہور(پنجاب پوسٹ)وزیر بلدیات پنجاب ذیشان رفیق کی زیر صدارت پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام کے جاری منصوبوں کا جائزہ اجلاس ہوا، جس میں صوبے میں بارشی پانی کے فوری نکاس، انڈرگراؤنڈ واٹر ٹینکس، ڈرینز اور ڈسپوزل سٹیشنز کی تعمیر سمیت دیگر ترقیاتی امور پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ اجلاس میں سیکرٹری لوکل گورنمنٹ زید بن مقصود، سپیشل سیکرٹری شاہد زمان لک، متعلقہ میونسپل آفیسرز (انفراسٹرکچر) اور اسسٹنٹ پراجیکٹ ڈائریکٹرز نے بذریعہ ویڈیو لنک شرکت کی۔
وزیر بلدیات ذیشان رفیق نے بتایا کہ پنجاب کے 51 شہروں میں 110 میں سے 90 انڈرگراؤنڈ واٹر ٹینکس مکمل کیے جا چکے ہیں، جبکہ پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت اب تک 124 میں سے 88 ڈرینز کی سو فیصد تعمیر مکمل ہو چکی ہے۔ ان منصوبوں کا مقصد بارش کے دوران شہری علاقوں میں جمع ہونے والے پانی کا بروقت نکاس یقینی بنانا اور شہریوں کو بارشی پانی سے پیدا ہونے والی مشکلات سے ریلیف فراہم کرنا ہے۔
ذیشان رفیق کے مطابق جن علاقوں میں واٹر ٹینکس تعمیر کیے گئے ہیں وہاں برساتی پانی کے فوری نکاس میں نمایاں بہتری سامنے آئی ہے۔ اس تجربے کی کامیابی کے پیش نظر سٹوریج ٹینکس کی تعداد بڑھانے کا فیصلہ کیا گیا ہے تاکہ مزید شہری علاقوں کو بھی بارشی پانی کے بہتر انتظام کی سہولت فراہم کی جا سکے۔
صوبائی وزیر نے کہا کہ واٹر ٹینکس کو ڈرینز کے ساتھ منسلک کرنے اور ڈسپوزل سٹیشنز کی تعمیر مکمل ہونے سے بارش کے پانی کے نکاس کا نظام مزید مؤثر ہو جائے گا۔ انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ ہر بارش کے بعد سٹوریج ٹینکس کی بروقت ڈی واٹرنگ یقینی بنائی جائے تاکہ آئندہ بارش کے دوران ٹینکس میں پانی ذخیرہ کرنے کی مکمل گنجائش موجود ہو۔
اجلاس میں ٹرانسپورٹرز کی حالیہ ہڑتال کے باعث مختلف ترقیاتی منصوبوں کے لیے سامان اور سپلائی کی ترسیل پر پڑنے والے اثرات کا بھی جائزہ لیا گیا۔ وزیر بلدیات نے ہدایت کی کہ موجودہ صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے ترقیاتی کاموں کی رفتار متاثر نہ ہونے دی جائے۔
ذیشان رفیق نے مزید کہا کہ بارشوں کے نئے سپیل کے حوالے سے جاری الرٹ کو سامنے رکھتے ہوئے تمام متعلقہ ادارے پیشگی اقدامات مکمل کریں اور جاری منصوبوں پر کام اسی حساب سے آگے بڑھایا جائے، تاکہ شہری علاقوں میں بارشی پانی کے نکاس کا مؤثر انتظام یقینی بنایا جا سکے۔











