جماعت اسلامی کا دھرنا دوسرے روز میں داخل، اب تک کوئی پوچھنے نہیں آیا، نتیجہ کیا نکلے گا؟

لاہور (پنجاب پوسٹ) جماعت اسلامی کا پٹرولیم لیوی اور مہنگائی کے خلاف دھرنا دوسرے روز بھی جاری ہے۔ امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے دھرنے کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہماری جدوجہد کسی جماعت یا فرد کے لیے نہیں بلکہ عوام کے لیے ہے، دھرنے کے باوجود حکومت کی جانب سے کوئی پوچھنے نہیں آیا۔

حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ حکومت کی جانب سے کمیٹی بنانے کا پیغام ملا ہے جسے مسترد کرتے ہیں، اگر حکومت نے بات کرنی ہے تو دھرنے میں آکر کرے۔ ان کا کہنا تھا کہ پٹرولیم لیوی کے نام پر عوام سے اربوں روپے وصول کیے جا رہے ہیں، موٹر سائیکل چلانے والے مزدور، طلبہ اور بائیکیا سمیت عام شہری اس بوجھ کا سامنا کر رہے ہیں۔

امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ ڈیزل اور پٹرول کی قیمتیں بڑھنے سے کرائے، آٹا، سبزیاں اور دیگر اشیائے ضروریہ مہنگی ہوجاتی ہیں۔ آئی پی پیز کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کے دھرنوں کے باعث 19 آئی پی پیز کے ساتھ مذاکرات ہوئے اور بجلی کی لاگت میں کمی کی گئی۔

حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ گزشتہ کئی دہائیوں سے ایک ہی طبقہ اقتدار میں آتا رہا ہے، ایلیٹ کلاس ہر جگہ نظر آتی ہے، عوام پر ہونے والے ظلم کو تماشائی بن کر نہیں دیکھ سکتے۔ جماعت اسلامی عوام کا مقدمہ لڑ رہی ہے اور دھرنا جاری رہے گا۔

انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ دھرنے میں شرکت کریں اور اپنے حقوق کے لیے آواز بلند کریں۔

Share this article

سبسکرائب

سبسکرائب بٹن دبا کر، آپ تصدیق کرتے ہیں کہ آپ نے ہماری پرائیویسی پالیسی پڑھ لی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے