لاہور (پنجاب پوسٹ) لاہور ہائیکورٹ نے شہری کو پولیس کی جانب سے مبینہ ہراساں اور بلیک میل کیے جانے کے خلاف درخواست پر سماعت کی۔ جسٹس غلام سرور نہنگ نے محمد ارشاد کی درخواست پر سماعت کی۔
درخواست گزار نے موقف اختیار کیا کہ محمد بوٹا کے ساتھ اراضی کا تنازع سول عدالت میں زیرِ سماعت ہے، تاہم تھانہ عارف والا اور تھانہ فیصل ٹاؤن پولیس محمد بوٹا کے ایما پر اسے ناجائز طور پر تنگ اور ہراساں کر رہی ہے۔
درخواست میں کہا گیا کہ پولیس شہری کو بلیک میل کرنے کے ساتھ مختلف طریقوں سے ہراساں کر رہی ہے، جبکہ عدالتی فیصلوں کی روشنی میں پولیس سول معاملات میں براہِ راست مداخلت نہیں کر سکتی۔
عدالت نے تھانہ عارف والا اور تھانہ فیصل ٹاؤن پولیس کو درخواست گزار کو ناجائز تنگ کرنے، ہراساں کرنے اور بلیک میل کرنے سے روک دیا۔
لاہور ہائیکورٹ نے سی سی پی او لاہور کو درخواست گزار کو تحفظ فراہم کرنے کی بھی ہدایت کردی۔











