لاہور (پنجاب پوسٹ) وزیراعلیٰ پنجاب کے حکم پر پنجاب فوڈ اتھارٹی نے صحت دشمن عناصر کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے سگیاں کے علاقے میں قائم غیر قانونی مذبح خانے پر چھاپہ مار کر 700 کلو بدبودار اور ایکسپائر گوشت برآمد کرلیا۔ کارروائی کے دوران مذبح خانے کے مالک کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا، جبکہ وہ فوڈ سیفٹی ٹیموں کے پہنچنے پر موقع سے فرار ہوگیا۔
ڈی جی پنجاب فوڈ اتھارٹی راجہ منصور احمد نے ٹیموں کے ہمراہ کارروائی کی۔ تفصیلی معائنے کے دوران گوشت کی رنگت نیلی پائی گئی، جبکہ گوشت پر مختلف بیماریوں کے واضح نشانات موجود تھے۔
ڈی جی فوڈ اتھارٹی کے مطابق بیمار گوشت پر دانے اور پانی کی تھیلیاں بنی ہوئی تھیں جبکہ گوشت کے ریشوں یعنی میٹ فائبر میں کیڑے بھی پائے گئے۔ حکام کے مطابق پکڑا گیا 700 کلو گوشت انسانی صحت کے لیے انتہائی مضر تھا۔
کارروائی کے دوران انکشاف ہوا کہ غیر قانونی سلاٹر اینڈ سٹوریج ہاؤس رہائشی علاقے میں چھپ کر قائم کیا گیا تھا۔ مذبح خانے میں لائسنس اور متعلقہ ریکارڈ بھی موجود نہیں تھا جبکہ ایس او پیز کی خلاف ورزی کرتے ہوئے گوشت زمین پر رکھا گیا تھا۔
فوڈ اتھارٹی کے مطابق موقع پر ناقص اسٹوریج، مکھیوں اور کیڑوں کی بھرمار، ٹوٹے ہوئے فرش، کھڑا گندا پانی اور دیواروں پر فنگس بھی پائی گئی۔
پنجاب فوڈ اتھارٹی نے برآمد شدہ مضر صحت گوشت پیمکو بھٹی میں جلا کر تلف کردیا۔ ڈی جی پنجاب فوڈ اتھارٹی راجہ منصور احمد کا کہنا ہے کہ خوراک میں جعلسازی سنگین جرم ہے اور ناقص و غیرمعیاری اشیائے خورونوش کا کاروبار کرنے والوں کے خلاف کارروائیاں مسلسل جاری رہیں گی۔











