لاہور(پنجاب پوسٹ)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے 2029 تک پنجاب کو جنوبی ایشیا کا سب سے زیادہ مصنوعی ذہانت (AI) فعال صوبہ بنانے کے وژن پر پیش رفت تیز کرنے کی ہدایت کی ہے۔ اس حوالے سے وزیراعلیٰ سے صوبائی مشیر برائے مصنوعی ذہانت و خصوصی اقدامات علی مصطفیٰ ڈار نے ملاقات کی، جس میں پنجاب اے آئی وژن 2029 کی باضابطہ لانچنگ اور صوبے میں اے آئی کے استعمال کے مختلف منصوبوں پر تفصیلی مشاورت کی گئی۔
ملاقات کے دوران صوبائی مشیر نے وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کو اے آئی آفس کی گزشتہ دو ماہ کی کارکردگی پر تفصیلی بریفنگ دی۔ انہیں پنجاب میں قائم کیے گئے دنیا کے پہلے آرٹیفیشل انٹیلیجنس این ایبلڈ ڈیلیوری یونٹ کے بارے میں بھی آگاہ کیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں:پنجاب بدل رہا ہے، پنجاب کے شہر اور دیہات ری فارم ہورہے ہیں، مریم نواز شریف
بریفنگ میں پنجاب کے اے آئی ایجنڈے پر عملدرآمد کے لیے تشکیل دی گئی اعلیٰ سطحی ٹیم، جبکہ گلوبل ڈیلیوری ماہرین کے تعاون سے تیار کردہ آن بورڈنگ پروگرام کی تفصیلات بھی پیش کی گئیں۔ ملاقات میں پنجاب کو جنوبی ایشیا کا سب سے زیادہ اے آئی این ایبلڈ صوبہ بنانے کے وژن پر جاری پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کو اے آئی وژن 2029 کے چھ بنیادی ستونوں پر بھی تفصیلی بریفنگ دی گئی، جبکہ وژن پر پیش رفت کا جائزہ لینے کے لیے پہلی سی ایم اے آئی اسٹاک ٹیک کے انعقاد کے حوالے سے بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔












