لاہور (پنجاب پوسٹ) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے قائم مقام امریکی سفیر نیٹلی اے بیکر نے ملاقات کی، جس میں پنجاب میں فروغ تعلیم، سیکیورٹی، سرمایہ کاری، ماحولیاتی تبدیلی اور خواتین کو بااختیار بنانے سمیت مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات میں سیکیورٹی، آرٹی فیشل انٹیلی جنس، ڈیجیٹل اثاثوں اور انرجی کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا، جبکہ پنجاب میں سیلاب اور سموگ سے نمٹنے کیلئے امریکی ماہرین کی خدمات حاصل کرنے پر بھی اتفاق ہوا۔ لاہور میں پنجاب یو ایس بزنس اینڈ انویسٹمنٹ فورم کے انعقاد کی تجویز کا بھی جائزہ لیا گیا۔
قائم مقام امریکی سفیر نیٹلی اے بیکر نے وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کے خواتین کیلئے اقدامات کو سراہتے ہوئے لاہور میں بسنت فیسٹیول کے انعقاد اور محفوظ بسنت کیلئے حکومت پنجاب کے اقدامات کی بھی تعریف کی۔ نیٹلی بیکر نے کہا کہ پاکستان بہت پسند ہے، بالخصوص پنجاب اور لاہور کے لوگ زندہ دل ہیں۔
مریم نواز شریف نے کہا کہ پنجاب بدل رہا ہے، پنجاب کے شہر اور دیہات ری فارم ہورہے ہیں۔ پنجاب میں خواتین کو بااختیار بنانے کیلئے قانونی اقدامات کیے جارہے ہیں اور خواتین کو مالی خودمختاری کی راہ پر گامزن کرنے کیلئے سمال بزنس کیلئے بلاسود قرضے دیے جارہے ہیں۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ خواتین کی آمدورفت میں آسانی کیلئے الیکٹرک سکوٹی اور الیکٹروبس سروس شروع کی گئی ہے، جبکہ خواتین کے تحفظ کیلئے ڈائریکٹ پنک بٹن اور ورچوئل پولیس اسٹیشن کا بھی آغاز کیا گیا ہے۔
مریم نواز شریف نے کہا کہ پنجاب میں ترقی اور ماحولیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کیلئے پالیسیاں بنائی جارہی ہیں۔ مون سون میں پیشگی اقدامات اور ڈسٹرکٹ واساز کے قیام سے بارشی پانی کے جلد نکاس کو ممکن بنایا گیا ہے۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ پاکستان کی پہلی خاتون وزیراعلیٰ کی حیثیت سے ویمن ایمپاورمنٹ کو محض علامتی نہیں بلکہ عملی شکل دی ہے۔ امریکہ میں مقیم 10 لاکھ پنجاب کے اوورسیز پاکستانی ملک کا قابل قدر اثاثہ ہیں۔
مریم نواز شریف نے کہا کہ آئندہ سال بسنت میلے کو مزید توسیع دیں گے۔














