پنجاب کے مزار ڈیجیٹل ہوگئے، کن کن مزارت کی سیکورٹی اور نذرانے ڈیجیٹل ہونگے؟

لاہور(پنجاب پوسٹ)پنجاب میں اہم مزارات کی سکیورٹی اور انتظامی امور کی نگرانی کو مزید مؤثر بنانے کے لیے ڈیجیٹل مانیٹرنگ کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا ہے۔ صوبائی وزیر اوقاف چودھری شافع حسین نے ایوان اوقاف میں قائم کمانڈ اینڈ کنٹرول روم کا افتتاح کیا اور وہاں سے مزارات کی ڈیجیٹل نگرانی کے نئے نظام کا جائزہ لیا۔


پہلے مرحلے میں لاہور اور ملتان کے 8 اہم مزارات کو کمانڈ اینڈ کنٹرول روم سے منسلک کیا گیا ہے، جن میں دونوں شہروں کے 4،4 مزارات شامل ہیں۔ ان مزارات کی نگرانی جدید ڈیجیٹل نظام کے ذریعے مرکزی طور پر کی جائے گی۔ دوسرے مرحلے میں مزید 8 مزارات کو بھی اس نظام کا حصہ بنایا جائے گا، جبکہ مرحلہ وار پنجاب بھر کے مزارات کو ڈیجیٹل مانیٹرنگ کے نظام سے منسلک کرنے کا منصوبہ ہے۔


صوبائی وزیر اوقاف نے کمانڈ اینڈ کنٹرول روم میں جدید کیمرے نصب کرنے اور مزارات کو ڈیجیٹل مانیٹرنگ کے لیے متعلقہ تھانوں سے منسلک کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کنٹرول روم میں معیاری اور تیز رفتار انٹرنیٹ کی سہولت یقینی بنانے پر بھی زور دیا تاکہ مزارات کی نگرانی مؤثر اور بروقت انداز میں کی جا سکے۔

چودھری شافع حسین نے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے مزارات کی سکیورٹی، انتظامی امور اور نگرانی کے نظام کو مزید بہتر بنایا جا رہا ہے۔ مرکزی کمانڈ اینڈ کنٹرول روم کے ذریعے مزارات کی صورتحال پر مسلسل نظر رکھنے اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری کارروائی کو یقینی بنانے میں مدد ملے گی۔


اس موقع پر سیکرٹری اوقاف ڈاکٹر احسان بھٹہ، ایڈیشنل سیکرٹری اور ڈائریکٹر جنرل مذہبی امور سمیت متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔ صوبائی وزیر نے بتایا کہ محکمہ اوقاف کے مختلف امور کی ڈیجیٹائزیشن کا عمل بھی تیزی سے جاری ہے، جبکہ محکمہ اوقاف کی تمام اراضی کو ڈیجیٹل ریکارڈ میں منتقل کیا جا رہا ہے۔


انہوں نے واضح کیا کہ اوقاف کی اراضی کا ایک ایک انچ ناجائز قابضین سے واگزار کروایا جائے گا اور اس حوالے سے مؤثر اقدامات جاری رکھے جائیں گے۔ ڈیجیٹل ریکارڈ کی تیاری سے اوقاف کی زمینوں کے انتظام، نگرانی اور ریکارڈ کی شفافیت کو بھی بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔

Share this article

سبسکرائب

سبسکرائب بٹن دبا کر، آپ تصدیق کرتے ہیں کہ آپ نے ہماری پرائیویسی پالیسی پڑھ لی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے