لاہور (پنجاب پوسٹ) پنجاب کی سڑکوں پر بین الاقوامی معیار کی جدید سائن ایج متعارف کرانے کا فیصلہ کرلیا گیا، محکمہ مواصلات و تعمیرات پنجاب نے جدید سائن ایج ڈیزائن کرنے کا آغاز کردیا۔
محکمہ سی اینڈ ڈبلیو میں سائن ایج ڈیزائن سے متعلق اجلاس ہوا، صوبائی وزیر مواصلات ملک صہیب احمد بھرتھ نے اجلاس میں جدید سائن ایج کے ڈیزائن اور دیگر امور کا جائزہ لیا۔
صوبائی وزیر نے سڑکوں پر زیبرا کراسنگ، سکول زون اور رفتار کی حد کے سائنز نمایاں کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے ’’آہستہ چلیں‘‘، سمت، رفتار کی حد اور دیگر ضروری سائن ایج واضح انداز میں لگانے کی ہدایت کی۔
یہ بھی پڑھیں: پنجاب بدل رہا ہے، پنجاب کے شہر اور دیہات ری فارم ہورہے ہیں، مریم نواز شریف
ملک صہیب احمد بھرتھ نے کہا کہ بین الاقوامی معیار کی سائن ایج سے سڑکوں کی خوبصورتی اور سفری سہولیات میں اضافہ ہوگا، جدید سائن ایج شہریوں کو دورانِ سفر رہنمائی اور بہتر سہولت فراہم کرے گی۔
انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی معیار کی سائن ایج حادثات کے امکانات کم کرنے میں معاون ثابت ہوگی، جبکہ جدید سائن ایج سے ٹریفک قوانین پر عملدرآمد اور روڈ سیفٹی کو فروغ ملے گا۔
صوبائی وزیر نے شہریوں سے اپیل کی کہ ٹریفک سائنز پر عمل کریں اور ٹریفک قوانین کی پابندی کو یقینی بنائیں۔ ان کا کہنا تھا کہ سائن ایج کی بہتری محفوظ، منظم اور خوبصورت پنجاب کی جانب اہم قدم ہے۔












