گوجرانوالہ (پنجاب پوسٹ) پہلوانوں کے شہر میں پولیس اہلکاروں کے داؤ پیچ، گوجرانوالہ پولیس نے اپنے ہی پیٹی بھائیوں کی کرپشن، غفلت اور غیر پیشہ ورانہ طرزِ عمل کے خلاف بڑا محکمانہ ایکشن لیتے ہوئے 15 اہلکاروں کو بڑی سزائیں سنا دیں۔ سی پی او ڈاکٹر سردار غیاث گل نے جوئے کے اڈے پر کارروائی میں مبینہ بے ضابطگی، ناقص تفتیش، رشوت ستانی، منشیات فروشوں کے خلاف غفلت اور ڈیوٹی سے غیرحاضری ثابت ہونے پر 10 اہلکاروں کو ملازمت سے برطرف جبکہ 5 پولیس افسران کی رینک میں تنزلی کردی۔
محکمانہ کارروائی کے دوران انسپکٹر ندیم خالد بھٹہ کو جوئے کے اڈے پر چھاپے کے دوران 33 لاکھ روپے نقدی برآمد ہونے کے واقعہ کی اہم معلومات اعلیٰ افسران سے چھپانے، گرفتار افراد کو مبینہ طور پر غیرقانونی حراست میں رکھنے اور ناجائز فائدہ حاصل کرنے کے الزام پر انسپکٹر سے سب انسپکٹر بنا دیا گیا۔ سب انسپکٹر امتیاز شاہین کو مقدمہ نمبر 403/26 تھانہ صدر کامونکی میں ناقص اور غیرمنصفانہ تفتیش پر اے ایس آئی، جبکہ سب انسپکٹر فاروق احمد کو کیس پراپرٹی میں غفلت پر اے ایس آئی کے عہدے پر تنزلی دی گئی۔
ایس آئی نوید اختر کو مبینہ طور پر دو لاکھ روپے رشوت لینے اور جھوٹے مقدمے کے اندراج میں سہولت کاری پر سب انسپکٹر سے اے ایس آئی، جبکہ ہیڈ کانسٹیبل اعزاز عارف کو 20 ہزار روپے غیرقانونی رقم وصول کرکے ایک مشتبہ شخص کی رہائی میں سہولت کاری پر کانسٹیبل کے عہدے پر تنزلی کی سزا سنائی گئی۔
سی پی او کے احکامات کے مطابق کانسٹیبل محمد منظور کو مبینہ طور پر 6 لاکھ روپے غیرقانونی رقم وصول کرکے ملزمان کو ناجائز فائدہ پہنچانے پر ملازمت سے برطرف کردیا گیا۔ کانسٹیبل مبشر کو منشیات فروشوں کے خلاف مؤثر کارروائی نہ کرنے، کانسٹیبل طارق نواز کو غیرحاضری، جبکہ ڈرائیور کانسٹیبل شوکت جمیل کو مبینہ بدسلوکی اور منشیات کے عادی ہونے کے الزام پر بھی ملازمت سے فارغ کردیا گیا۔
مزید برآں آزاد کشمیر انتخابات 2026 کے دوران خصوصی لاء اینڈ آرڈر ڈیوٹی سے غیرحاضری پر کانسٹیبل محمد رضوان، قیصر شہزاد، محمد عمران قیصر، عبدالباسط اور واجد علی کو بھی برطرف کردیا گیا، جبکہ محرم الحرام کی خصوصی ڈیوٹی سے مسلسل غیرحاضری پر کانسٹیبل افتخار احمد کو ملازمت سے فارغ کیا گیا۔
سی پی او ڈاکٹر سردار غیاث گل کا کہنا ہے کہ محکمہ پولیس میں بدعنوانی، اختیارات کے ناجائز استعمال، رشوت، غفلت اور غیرحاضری کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی، قانون و ضابطے کی خلاف ورزی کرنے والے اہلکاروں کے خلاف بلاامتیاز محکمانہ کارروائی جاری رہے گی۔













