لاہور ( پنجاب پوسٹ ) پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن (پیف) کے پارٹنر اسکولوں میں زیر تعلیم ہزاروں طلبہ کی نادرا سے ب فارم کی تصدیق نہ ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔ پیف حکام نے ب فارم کی تصدیق نہ ہونے والی انرولمنٹ کو غیر تصدیق شدہ قرار دیتے ہوئے متعلقہ طلبہ کی فیس و دیگر ادائیگیاں روک دی ہیں۔
پیف حکام کے مطابق ب فارم کی تصدیق مکمل نہ ہونے کے باعث ہزاروں طلبہ کی انرولمنٹ منظور نہیں کی گئی، جبکہ متعلقہ پارٹنر اسکولوں کو طلبہ کا ریکارڈ دوبارہ نادرا سے تصدیق کروانے کی ہدایت کی گئی ہے۔
پیف نے تمام لائسنسی پارٹنر اسکولوں کو 20 اگست تک طلبہ کی ب فارم کے ذریعے تصدیق مکمل کرنے کی ہدایت کردی ہے۔ اسکول انتظامیہ کو واضح کیا گیا ہے کہ مقررہ مدت کے اندر طلبہ کی تصدیق مکمل کروا کر ادائیگیوں کے حصول کے لیے اپنا ریکارڈ درست کیا جائے۔
حکام کا کہنا ہے کہ غیر تصدیق شدہ انرولمنٹ کو جعلی تصور کیا جائے گا اور ایسی انرولمنٹ کی بنیاد پر متعلقہ اسکولوں کو ادائیگیاں جاری نہیں کی جائیں گی۔
پیف حکام کے مطابق لائسنسی اسکولوں کو طلبہ کی دوبارہ نادرا سے تصدیق کروانے کی ہدایت جاری کردی گئی ہے۔ طلبہ کی کامیاب تصدیق کے بعد ہی متعلقہ اسکولوں کو واجب الادا ادائیگیاں جاری کی جائیں گی۔
پیف کی جانب سے اسکولوں کو مقررہ ڈیڈ لائن کے اندر تصدیق کا عمل مکمل کرنے اور طلبہ کا درست ریکارڈ جمع کروانے کی ہدایت کی گئی ہے۔











