جشن آزادی، لاہور کے 6 مقامات پر ریلیاں اور آتش بازی، ٹریفک رش اور ون ویلنگ کا خدشہ ، ٹریفک پولیس نے منصوبہ بنا لیا

لاہور (پنجاب پوسٹ) جشن آزادی کے موقع پر مختلف مقامات پر ریلیوں اور آتش بازی کے باعث ٹریفک کے دباؤ اور ون ویلنگ کے خدشے کے پیش نظر ٹریفک پولیس نے خصوصی انتظامات کا منصوبہ تیار کرلیا۔ شہریوں کی بڑی تعداد کے شہر کا رخ کرنے کے امکان کے باعث ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے اور حادثات سے پاک روڈز کو یقینی بنانے کے لیے اضافی نفری تعینات کی جائے گی۔


سی ٹی او لاہور سید عبدالرحیم شیرازی کی زیر صدارت زونل ایس ایس پیز اور سرکل افسران کا اجلاس ہوا، جس میں جشن آزادی کی تقریبات کے حوالے سے ٹریفک انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں ایس ایس پی سٹی زون مقصود لون، ایس ایس پی صدر زون حافظ خضر زمان اور ایس پی ہیڈکوارٹرز فخر بشیر راجہ سمیت دیگر افسران نے شرکت کی۔


سی ٹی او لاہور کے مطابق جشن آزادی کے موقع پر لاہور کے 6 مختلف مقامات پر آتش بازی جبکہ متعدد ریلیاں متوقع ہیں۔ دیگر اضلاع سے بھی شہریوں کی بڑی تعداد جشن آزادی منانے کے لیے لاہور کا رخ کرے گی، جس کے باعث اہم شاہراہوں پر ٹریفک رش کا امکان ہے۔


انہوں نے کہا کہ جشن آزادی کے موقع پر حادثات سے پاک روڈز اور فول پروف ٹریفک انتظامات اولین ترجیح ہوں گے۔ ون ویلنگ، سائلنسر اور بفل نکال کر ہلڑبازی، روڈ بلاکنگ اور ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔


ٹریفک پولیس کے مطابق ہلڑبازوں کے خلاف کارروائی کے لیے ضلعی پولیس کے ساتھ مل کر لاہور کے 62 مقامات پر خصوصی ناکہ جات لگائے جائیں گے۔ عادی ون ویلرز اور ٹولیوں کی شکل میں نکل کر روڈ ریج کرنے والوں کے خلاف بھی سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔


جشن آزادی کے موقع پر مجموعی طور پر 3 ایس پیز، 16 ڈی ایس پیز، 500 ٹریفک انسپکٹرز اور 2 ہزار سے زائد ٹریفک وارڈنز تعینات کیے جائیں گے۔ ٹریفک پولیس نے جشن آزادی کے موقع پر مزید سخت انفورسمنٹ کا حکم دیتے ہوئے منظم ٹریفک کے لیے زیرو ٹالرنس پالیسی اپنانے کا فیصلہ کیا ہے۔

Share this article

سبسکرائب

سبسکرائب بٹن دبا کر، آپ تصدیق کرتے ہیں کہ آپ نے ہماری پرائیویسی پالیسی پڑھ لی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے