وزیراعلیٰ پنجاب کا اپنی چھت اپنا گھر پروگرام، 14لاکھ 56 ہزار 224 درخواستیں، 10 لاکھ کی سکروٹنی، 1لاکھ 80ہزار کو قرض مل گیا

لاہور( پنجاب پوسٹ ) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے ”اپنی چھت اپنا گھر“ پروگرام کو صوبے میں بھرپور پذیرائی ملنے لگی، پروگرام کے پورٹل پر اب تک 14 لاکھ 56 ہزار 664 درخواستیں موصول ہوچکی ہیں، جبکہ 10 لاکھ 79 ہزار 224 درخواستوں کی سکروٹنی مکمل کرلی گئی ہے۔

وزیر ہاؤسنگ اینڈ اربن ڈویلپمنٹ پنجاب بلال یاسین سے ڈی جی پھاٹا سکندر ذیشان نے ملاقات کی، جس میں ”اپنی چھت اپنا گھر“ پروگرام کی پیش رفت اور قرضوں کی تقسیم کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

حکام کے مطابق اب تک ایک لاکھ 80 ہزار 297 خاندانوں کو گھروں کی تعمیر کے لیے قرضے جاری کیے جاچکے ہیں، جبکہ مزید 13 ہزار 314 خاندانوں میں قرضوں کی تقسیم کے لیے 19 ارب 56 کروڑ 10 لاکھ روپے مختص کیے گئے ہیں۔

وزیر ہاؤسنگ پنجاب بلال یاسین نے بتایا کہ اپنی چھت اپنا گھر پروگرام کے تحت اب تک 232 ارب 9 کروڑ روپے کے قرضے تقسیم کیے جاچکے ہیں۔ پروگرام کے تحت ایک لاکھ 9 ہزار 946 خاندانوں کے گھر مکمل ہوچکے ہیں، جبکہ 39 ہزار 943 گھروں کی تعمیر جاری ہے۔

بلال یاسین کا کہنا تھا کہ مستحق خاندانوں کو کا ”اپنی چھت اپنا گھر“ پروگرام ایک انقلابی منصوبہ ثابت ہوگا۔ کم آمدن والے خاندانوں کو محفوظ اور باعزت رہائش کی سہولت فراہم کی جارہی ہے۔

وزیر ہاؤسنگ پنجاب نے مزید کہا کہ جلد ہی وزیراعلیٰ پنجاب ”اپنی چھت، محفوظ چھت“ پروگرام کے ابتدائی درخواست گزاروں کو بھی قرضے جاری کریں گی۔ مسلم لیگ (ن) اپنے منشور میں کیے گئے وعدوں کی تکمیل کرتے ہوئے عوامی خدمت کا سفر جاری رکھے گی۔

بلال یاسین نے صوبے کے تمام اضلاع کے متعلقہ حکام کو قرضوں کی بروقت تقسیم یقینی بنانے کی ہدایت بھی کردی۔

Share this article

سبسکرائب

سبسکرائب بٹن دبا کر، آپ تصدیق کرتے ہیں کہ آپ نے ہماری پرائیویسی پالیسی پڑھ لی ہے۔

مزید خبریں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے