خانیوال(پنجاب پوسٹ)میں پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے مابین باہمی دفاعی تعاون کے فروغ اور تینوں برادر اسلامی ممالک کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کے لیے ضلعی انتظامیہ کے زیر اہتمام ضلع کونسل ہال میں ایک پروقار سیمینار کا انعقاد کیا گیا۔ سیمینار میں ضلعی انتظامیہ، پولیس، سیاسی و مذہبی شخصیات، صحافتی برادری، سول سوسائٹی، ریسکیو 1122، سرکاری افسران اور مختلف تعلیمی اداروں کے طلبہ نے بھرپور شرکت کی، جبکہ تقریب کے اختتام پر پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے قومی پرچموں کے ساتھ اظہارِ یکجہتی فلیگ مارچ بھی کیا گیا۔
مکہ مکرمہ کی بابرکت سرزمین سے شروع ہونے والے دفاعی تعاون کے نئے باب کے حوالے سے منعقدہ سیمینار میں ایم این اے محمد خان ڈاہا، مہمان خصوصی ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر محمد عابد، صوبائی پارلیمانی سیکرٹری رانا محمد سلیم حنیف، ایم پی اے بیرسٹر اسامہ فضل اور ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر میونسپل سروسز محمد شعیب نے خصوصی شرکت کی۔ تقریب میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی شخصیات نے شرکت کرکے پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان برادرانہ تعلقات اور بڑھتے ہوئے تعاون کے ساتھ بھرپور یکجہتی کا اظہار کیا۔
یہ بھی پڑھیں:ہم مصطفوی مصطفوی مصطفوی ہیں، پاک سعودیہ اور ترکیہ معاہدے پر وہاڑی کے شہری بھی جھوم اٹھے
سیمینار کے شرکاء نے پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے قومی پرچم تھام رکھے تھے۔ اس موقع پر تینوں ممالک کے درمیان تاریخی برادرانہ تعلقات، باہمی اعتماد، مشترکہ مفادات، دفاعی تعاون اور علاقائی امن و استحکام کے حوالے سے مقررین نے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ مقررین کا کہنا تھا کہ پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے عوام کے درمیان تعلقات محض سفارتی روابط تک محدود نہیں بلکہ محبت، اخوت، باہمی احترام اور مشترکہ اقدار پر مبنی ہیں۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر محمد عابد نے کہا کہ پاکستان، ترکیہ اور سعودی عرب کے برادرانہ تعلقات باہمی احترام، محبت، اخوت اور اعتماد پر قائم ہیں۔ تینوں برادر اسلامی ممالک امن، استحکام اور مشترکہ سلامتی کے لیے ایک دوسرے کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ہمیشہ اپنے برادر اسلامی ممالک کے ساتھ دوستی، تعاون اور بھائی چارے کے رشتے کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔ پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان بڑھتا ہوا تعاون نہ صرف تینوں ممالک بلکہ پورے خطے میں امن، استحکام اور سلامتی کے لیے بھی مثبت پیش رفت ہے۔
ڈی پی او محمد عابد کا کہنا تھا کہ موجودہ دور میں باہمی تعاون اور مشترکہ سلامتی کی اہمیت مزید بڑھ گئی ہے، اس لیے تینوں ممالک کے درمیان تعاون کو مزید فروغ دینا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنے برادر ممالک کے ساتھ اتحاد، یکجہتی اور باہمی تعاون کے جذبے کو مزید مضبوط کرنا چاہیے۔
ایم این اے محمد خان ڈاہا نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان تاریخی اور برادرانہ تعلقات قائم ہیں۔ تینوں ممالک کے مابین باہمی دفاعی تعاون کا فروغ ایک اہم پیش رفت ہے جو باہمی اعتماد اور مشترکہ سلامتی کے عزم کی عکاسی کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اپنے برادر اسلامی ممالک کے ساتھ ہمیشہ مضبوط اور دیرپا تعلقات کا خواہاں رہا ہے، جبکہ تینوں ممالک کے درمیان بڑھتا ہوا تعاون خطے میں امن، استحکام اور سلامتی کو مزید تقویت دے گا۔
صوبائی پارلیمانی سیکرٹری رانا محمد سلیم حنیف نے کہا کہ پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے عوام کے دل ایک دوسرے کے ساتھ جڑے ہوئے ہیں۔ تینوں ممالک مشکل کی ہر گھڑی میں ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے رہے ہیں اور دفاعی تعاون کا یہ نیا باب باہمی اعتماد، مشترکہ مفادات اور اجتماعی سلامتی کے عزم کو مزید مضبوط کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک پرامن ملک ہے اور تمام برادر اسلامی ممالک کے ساتھ باہمی احترام، تعاون اور بھائی چارے کے رشتے کو مزید مستحکم کرنا چاہتا ہے۔
ایم پی اے بیرسٹر اسامہ فضل نے اپنے خطاب میں کہا کہ پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان تعلقات محض سفارتی روابط تک محدود نہیں بلکہ یہ اخوت، محبت، اعتماد اور مشترکہ اقدار پر مبنی مضبوط رشتہ ہے۔ تینوں ممالک کا ایک دوسرے کے ساتھ کھڑا ہونا امت مسلمہ کے اتحاد اور یکجہتی کی بہترین مثال ہے۔ انہوں نے کہا کہ باہمی تعاون کے فروغ سے تینوں ممالک کے درمیان تعلقات مزید مضبوط ہوں گے۔
ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر میونسپل سروسز محمد شعیب نے کہا کہ پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے مابین بڑھتا ہوا تعاون باہمی اتحاد اور مشترکہ سلامتی کے عزم کی علامت ہے۔ خانیوال کے عوام کی جانب سے اس موقع پر اظہارِ یکجہتی تینوں برادر ممالک کے عوام کے ساتھ محبت، اخوت اور بھائی چارے کا واضح پیغام ہے۔ انہوں نے کہا کہ قومی اور بین الاقوامی سطح پر امن، اتحاد اور بھائی چارے کے فروغ کے لیے ایسی مثبت سرگرمیاں قابلِ تحسین ہیں۔
سیمینار کے دوران مختلف سکولوں کے طلبہ نے بھی پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان برادرانہ تعلقات، باہمی دفاعی تعاون اور تینوں ممالک کی مشترکہ اقدار کے حوالے سے تقاریر کیں۔ طلبہ نے قومی پرچم تھام کر تینوں برادر اسلامی ممالک کے ساتھ بھرپور اظہارِ یکجہتی کیا، جس سے تقریب کا ماحول جوش و جذبے اور قومی و ملی یکجہتی کے جذبات سے بھر گیا۔
تقریب کے اختتام پر ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر محمد عابد کی قیادت میں اظہارِ یکجہتی فلیگ مارچ کا انعقاد کیا گیا۔ فلیگ مارچ میں ایم این اے محمد خان ڈاہا، صوبائی پارلیمانی سیکرٹری رانا محمد سلیم حنیف، ضلعی پولیس، ایلیٹ فورس، ٹریفک پولیس، ریسکیو 1122 اور ضلعی انتظامیہ کے افسران و اہلکاروں نے بھرپور شرکت کی۔
فلیگ مارچ کے دوران ضلعی انتظامیہ اور پولیس کی گاڑیوں پر پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے قومی پرچم لہرائے گئے۔ شرکاء نے تینوں ممالک کے ساتھ دوستی، بھائی چارے، اتحاد اور یکجہتی کے جذبات کا اظہار کیا۔ فلیگ مارچ کے ذریعے خانیوال کے عوام کی جانب سے پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان مضبوط ہوتے برادرانہ تعلقات اور باہمی دفاعی تعاون کی حمایت کا واضح پیغام دیا گیا۔











