راولپنڈی(پنجاب پوسٹ)شدید بارش کے بعد پنجاب حکومت اور متعلقہ ادارے متحرک ہوگئے، وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایت پر ضلعی انتظامیہ، واسا، ریسکیو 1122 اور دیگر متعلقہ اداروں کو الرٹ کردیا گیا۔ پی ڈی ایم اے کے مطابق شہر کے مختلف علاقوں میں 70 سے 230 ملی میٹر تک بارش ریکارڈ کی گئی، جبکہ نیو کٹاریاں میں سب سے زیادہ 230 ملی میٹر بارش ہوئی۔
پی ڈی ایم اے ترجمان کے مطابق شمس آباد میں 203، چکلالہ میں 206 جبکہ گولڑہ میں 157 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ شدید بارش کے باعث نالہ لئی اور اس کے اطراف کے علاقوں میں طغیانی کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے، جس کے پیش نظر انتظامیہ کو ہائی الرٹ کردیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھین:راولپنڈی: نالہ لئی بپھر گیا، املاک تباہ، گاڑیاں بہہ گئیں، سنگین صورتحال
ڈی جی پی ڈی ایم اے سیف انور جپہ کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر ضلعی انتظامیہ اور واسا کی ٹیمیں فیلڈ میں موجود ہیں اور نشیبی علاقوں سے پانی کی نکاسی کا عمل جاری ہے۔ چوکنگ پوائنٹس پر جمع ہونے والے پانی کو بھی جلد از جلد نکالنے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔
پی ڈی ایم اے کنٹرول روم میں صورتحال کی 24 گھنٹے نگرانی جاری ہے، جبکہ ریسکیو 1122، واسا اور دیگر امدادی اداروں کو ضروری مشینری اور عملے سمیت الرٹ رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ شہریوں کو نالہ لئی اور دیگر نالوں کے اطراف احتیاط برتنے اور غیر ضروری طور پر گھروں سے باہر نہ نکلنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں:پنجاب میں موسلادھار بارشوں کا الرٹ، لاہور سمیت 5 شہروں میں اربن فلڈنگ کا خدشہ
ڈی جی پی ڈی ایم اے نے شہریوں کو بجلی کے کھمبوں، لٹکتی تاروں اور نشیبی علاقوں میں جمع پانی سے دور رہنے کی ہدایت کرتے ہوئے والدین سے کہا ہے کہ بچوں کو پانی کے قریب ہرگز نہ جانے دیں۔ محکمہ موسمیات کے مطابق بارشوں کا یہ سلسلہ 5 ستمبر تک جاری رہنے کی پیشگوئی ہے۔شہری کسی بھی ہنگامی صورتحال میں پی ڈی ایم اے کی ہیلپ لائن 1129 پر رابطہ کرسکتے ہیں۔














