پنجاب میں موسلادھار بارشوں کا الرٹ، لاہور سمیت 5 شہروں میں اربن فلڈنگ کا خدشہ

لاہور (پنجاب پوسٹ) پنجاب میں مون سون بارشوں کے آٹھویں سپیل کا الرٹ جاری، آج سے 5 ستمبر تک صوبے کے بیشتر اضلاع میں بارشوں کی پیشگوئی، لاہور سمیت 5 بڑے شہروں میں اربن فلڈنگ جبکہ مری، گلیات اور دیگر پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔

پی ڈی ایم اے کے مطابق پنجاب کے بیشتر اضلاع میں بارشیں متوقع ہیں، جبکہ مختلف علاقوں میں موسلادھار بارش بھی ہوسکتی ہے۔ راولپنڈی، مری، گلیات، جہلم، چکوال، تلہ گنگ، اٹک، سیالکوٹ، شیخوپورہ، نارووال اور گجرات میں بارشوں کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

لاہور، منڈی بہاؤالدین، گوجرانوالہ، وزیرآباد، حافظ آباد، قصور، اوکاڑہ، ننکانہ صاحب، سرگودھا، خوشاب، میانوالی اور نورپور تھل میں بھی موسلادھار بارش کا امکان ہے، جبکہ فیصل آباد، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، لیہ، بھکر، ساہیوال اور پاکپتن میں بھی بارش متوقع ہے۔

پی ڈی ایم اے پنجاب نے لاہور، راولپنڈی، گوجرانوالہ، گجرات اور سیالکوٹ میں اربن فلڈنگ کا خدشہ ظاہر کیا ہے، جبکہ مری، گلیات اور دیگر پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ بھی موجود ہے۔

ڈی جی پی ڈی ایم اے سیف انور جپہ نے صوبے بھر کے کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کو الرٹ رہنے کی ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت کے مطابق ضلعی انتظامیہ کو بھی الرٹ کردیا گیا ہے۔

ڈی جی پی ڈی ایم اے کے مطابق بڑے شہروں میں مون سون بارشوں کے باعث اربن فلڈنگ کے پیش نظر انتظامیہ پیشگی اقدامات یقینی بنائے، جبکہ اس دوران برساتی نالوں میں فلیش فلڈنگ کا خطرہ بھی موجود ہے۔

پی ڈی ایم اے کے مطابق محکمہ صحت، آبپاشی، تعمیر و مواصلات، لوکل گورنمنٹ اور لائیو اسٹاک کو بھی الرٹ جاری کردیا گیا ہے۔

ڈی جی پی ڈی ایم اے نے شہریوں کو خراب موسم کے دوران ضروری احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ بوسیدہ اور کچے مکانات میں ہرگز رہائش اختیار نہ کی جائے، کیونکہ مون سون سیزن میں کچے اور بوسیدہ مکانات گرنے سے زیادہ اموات رپورٹ ہوئی ہیں۔

انہوں نے شہریوں کو آندھی اور طوفان کی صورت میں محفوظ مقامات پر رہنے اور غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کی ہدایت کی، جبکہ آسمانی بجلی سے بچاؤ کے لیے بھی محفوظ مقامات پر رہنے کا کہا ہے۔

ڈی جی پی ڈی ایم اے نے والدین سے اپیل کی کہ بچوں کا خاص خیال رکھا جائے اور انہیں نشیبی علاقوں میں جمع پانی، بجلی کی تاروں اور کھمبوں کے قریب ہرگز نہ جانے دیا جائے۔ شہری بجلی کی گرج چمک اور طوفانی صورتحال میں کھلے آسمان تلے جانے سے بھی گریز کریں۔

ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق کسی بھی ہنگامی صورتحال میں شہری پی ڈی ایم اے کی ہیلپ لائن 1129 پر رابطہ کرسکتے ہیں۔

Share this article

سبسکرائب

سبسکرائب بٹن دبا کر، آپ تصدیق کرتے ہیں کہ آپ نے ہماری پرائیویسی پالیسی پڑھ لی ہے۔

مزید خبریں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے