راولپنڈی (پنجاب پوسٹ) طوفانی بارش کے بعد نالہ لئی بپھر گیا، پانی کے تیز ریلے نے شہریوں کی املاک کو نقصان پہنچانے کے ساتھ متعدد گاڑیوں کو بھی بہا کر لے گیا۔
نالہ لئی کے کنارے واقع پارک میں کھڑی متعدد گاڑیاں پانی کی سطح بلند ہونے کے باعث ریلے میں بہہ گئیں۔ واقعے کی ویڈیوز بھی سامنے آگئی ہیں، جن میں گاڑیوں کو پانی کے تیز بہاؤ میں بہتے دیکھا جاسکتا ہے۔ گاڑیوں کے مالکان نے انہیں بچانے کی کوشش کی تاہم پانی کے شدید ریلے کے باعث کامیاب نہ ہوسکے۔
راولپنڈی میں طوفانی اور موسلادھار بارش نے 16 سالہ ریکارڈ توڑ دیا، اس سے قبل ایسی شدید بارش 2010 میں ریکارڈ کی گئی تھی۔ بارش رات 3 بج کر 20 منٹ پر شروع ہوئی جو صبح 8 بجے تک جاری رہی۔ شدید بارش کے باعث پانی گھروں، دکانوں اور تجارتی مراکز میں داخل ہوگیا۔
آریہ محلہ کی وائرل ویڈیوز میں سڑکوں پر پانی جمع ہونے کے باعث کشتیوں کو چلتے دیکھا گیا، جبکہ پیرودھائی سے ملحقہ صفدرآباد، گلی لوہاراں، فوجی کالونی، اعوان کالونی، یونین کونسل 4 اور 5 سمیت راجہ بازار بھی زیر آب آگیا۔
شدید بارش کے باعث ایکسپریس وے پر بدترین ٹریفک جام ہوگیا اور گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں۔ صورتحال کے پیش نظر ڈپٹی کمشنر راولپنڈی نے شہر کے تمام سرکاری و نجی تعلیمی اداروں میں آج تعطیل کا اعلان کردیا۔
دوسری جانب نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے آئندہ 48 گھنٹوں کے دوران ملک کے بالائی اور وسطی علاقوں، بشمول پنجاب، خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں مزید بارشوں اور ندی نالوں میں طغیانی کی پیشگوئی کی ہے۔










