پنجاب میں 24 اگست سے پہلے سکول کھولنے کی اجازت نہیں، وزیر تعلیم رانا سکندر حیات کا سخت نوٹس

لاہور (پنجاب پوسٹ)پنجاب کے وزیر تعلیم رانا سکندر حیات نے بعض سکولوں میں تعلیمی سرگرمیوں کے جزوی آغاز کا سخت نوٹس لیتے ہوئے صوبے کے تمام سرکاری و نجی تعلیمی اداروں کو موسمِ گرما کی تعطیلات کے نوٹیفکیشن پر مکمل عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت کردی ہے۔

وزیر تعلیم نے واضح کیا ہے کہ 24 اگست سے پہلے کسی بھی سرکاری یا نجی تعلیمی ادارے کو باقاعدہ تعلیمی سرگرمیاں شروع کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔رانا سکندر حیات نے اپنے ٹویٹ میں کہا کہ تعطیلات کے جاری کردہ نوٹیفکیشن کی خلاف ورزی کرنے والے سکولوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی اور ایسے اداروں سے کسی قسم کی رعایت نہیں برتی جائے گی۔

انہوں نے سکول مالکان اور انتظامیہ کو ہدایت کی کہ تعلیمی ادارے مقررہ شیڈول اور تعلیمی کیلنڈر کے مطابق ہی کھولے جائیں۔وزیر تعلیم کے مطابق طلبہ کے تعلیمی نقصان کے ازالے کے لیے ایک ماہ کی مدت کے لیے سمر کیمپس کی اجازت دی گئی تھی، تاہم اس اجازت کو موسمِ گرما کی تعطیلات ختم ہونے سے قبل باقاعدہ تعلیمی سرگرمیوں کے آغاز کے طور پر استعمال نہیں کیا جا سکتا۔

رانا سکندر حیات نے تمام تعلیمی اداروں پر زور دیا کہ حکومتی احکامات اور تعطیلات کے نوٹیفکیشن کی مکمل پابندی کی جائے۔ انہوں نے واضح کیا کہ مقررہ تاریخ سے قبل سکول کھولنے یا تعلیمی سرگرمیاں شروع کرنے کی صورت میں متعلقہ اداروں کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

Share this article

سبسکرائب

سبسکرائب بٹن دبا کر، آپ تصدیق کرتے ہیں کہ آپ نے ہماری پرائیویسی پالیسی پڑھ لی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے