ستھرا پنجاب سرگودھا،4 بچوں کا باپ،3 ماہ سے تنخواہ کے انتظار میں اپنی ہی کمپنی کی کرین تلے کچلا گیا

سانگلہ ہل(پنجاب پوسٹ)نواحی گاؤں بھلیر، چک نمبر 119 میں ستھرا پنجاب پروگرام کے دوران ایک افسوسناک حادثہ پیش آیا، جہاں صفائی کے کام میں مصروف 25 سالہ نوجوان اپنی ہی کمپنی کی کرین کے نیچے آ کر جاں بحق ہوگیا۔ حادثے کے باعث علاقے میں غم اور سوگ کی فضا پھیل گئی، جبکہ اہلِ خانہ اپنے پیارے کی اچانک موت پر شدید صدمے سے دوچار ہیں۔

جاں بحق ہونے والے نوجوان کی شناخت محمد رمضان ولد محمد شفیق کے نام سے ہوئی ہے، جو چار بچوں کے والد تھے۔ بتایا گیا ہے کہ محمد رمضان ستھرا پنجاب پروگرام کے تحت ڈیوٹی انجام دے رہے تھے کہ دورانِ کام وہ کمپنی کی کرین کی زد میں آ گئے۔ حادثہ اس قدر شدید تھا کہ نوجوان موقع پر ہی جان کی بازی ہار گیا۔

واقعے کی اطلاع ملتے ہی علاقے میں تشویش کی لہر دوڑ گئی، جبکہ محمد رمضان کی اچانک موت کی خبر سن کر اہلِ خانہ اور عزیز و اقارب غم سے نڈھال ہوگئے۔ چار بچوں کے والد کی موت سے خاندان پر مشکلات کا ایک نیا پہاڑ ٹوٹ پڑا ہے۔

مقامی افراد اور لواحقین نے حادثے کی مکمل اور شفاف تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے تاکہ یہ معلوم کیا جا سکے کہ دورانِ ڈیوٹی حفاظتی اقدامات پر عملدرآمد کیوں نہیں ہوا اور حادثے کی اصل وجوہات کیا تھیں۔ اہلِ خانہ کا کہنا ہے کہ ذمہ داروں کا تعین کرکے غفلت یا کوتاہی ثابت ہونے کی صورت میں قانون کے مطابق کارروائی کی جائے۔

لواحقین نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ واقعے کا فوری نوٹس لیں، حادثے کی شفاف تحقیقات کرائیں، ذمہ دار افراد کا تعین کیا جائے اور جاں بحق نوجوان کے خاندان کو مالی معاونت فراہم کی جائے تاکہ چار بچوں سمیت متاثرہ خاندان کو اس مشکل گھڑی میں کچھ سہارا مل سکے۔

Share this article

سبسکرائب

سبسکرائب بٹن دبا کر، آپ تصدیق کرتے ہیں کہ آپ نے ہماری پرائیویسی پالیسی پڑھ لی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے