لاہور(پنجاب پوسٹ)پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی نے شہریوں کو ای چالان کے نام پر ہونے والے ڈیجیٹل فراڈ سے خبردار کرتے ہوئے اہم ہدایات جاری کر دی ہیں۔
ترجمان کے مطابق ای چالان کا آفیشل ایس ایم ایس صرف “9915” سے بھیجا جاتا ہے۔ اس پیغام میں کسی قسم کا لنک شامل نہیں ہوتا اور نہ ہی آن لائن ادائیگی کی ہدایت دی جاتی ہے۔
سیف سٹی کا کہنا ہے کہ جعلساز مختلف نمبرز سے شہریوں کو جعلی پیغامات بھیج کر لنکس پر کلک کرواتے ہیں اور بینک معلومات یا رقم حاصل کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔ شہری ایسے کسی بھی مشکوک میسج، خاص طور پر جس میں لنک یا ذاتی معلومات طلب کی جائیں، سے فوری طور پر محتاط رہیں۔
ترجمان نے واضح کیا کہ سیف سٹی کبھی بھی ایس ایم ایس کے ذریعے ادائیگی، بینک اکاؤنٹ یا کارڈ کی تفصیلات طلب نہیں کرتا۔
شہری ای چالان کی تصدیق صرف سیف سٹی کی سرکاری ویب سائٹ کے ذریعے کریں، جبکہ ادائیگی کے لیے صرف ای پے پنجاب ایپ استعمال کریں اور پی ایس آئی ڈی کے ذریعے رقم جمع کروائیں۔ ای چالان سے متعلق مزید معلومات کے لیے شہری ایمرجنسی ہیلپ لائن 15 پر کال کر کے آپشن 6 منتخب کر سکتے ہیں۔
سیف سٹی کے مطابق جعلی ویب سائٹس اور فراڈ میں ملوث عناصر کے خلاف قانونی کارروائی مزید تیز کر دی گئی ہے۔








