لاہور(پنجاب پوسٹ)پنجاب پولیس کی جانب سے پولیس فورس اور ان کے اہلخانہ کی فلاح و بہبود، تعلیمی معاونت، علاج معالجے اور دیگر مالی ضروریات میں مدد کا سلسلہ جاری ہے۔ ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق رواں سال پولیس ملازمین اور ان کے خاندانوں کی ویلفیئر کے لیے ایک ارب 20 کروڑ روپے سے زائد رقم خرچ کی گئی، جس کا مقصد پولیس فورس کو درپیش مالی مشکلات میں معاونت فراہم کرنا اور ان کے خاندانوں کو سہولیات دینا ہے۔
ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق پولیس ملازمین کے بچوں کی تعلیمی ضروریات پوری کرنے کے لیے ایجوکیشنل اسکالرشپس کی مد میں 37 کروڑ 68 لاکھ روپے سے زائد رقم جاری کی گئی۔ اسی طرح پولیس ملازمین کی بیٹیوں کی شادی کے موقع پر مالی معاونت فراہم کرنے کے لیے ویڈنگ گفٹ کی مد میں 34 کروڑ 40 لاکھ روپے سے زائد رقم دی گئی۔
پولیس ملازمین اور ان کے اہلخانہ کے علاج معالجے میں معاونت کے لیے بھی 16 کروڑ 95 لاکھ روپے سے زائد رقم جاری کی گئی۔ ترجمان کے مطابق ریٹائر ہونے والے پولیس ملازمین کو مالی سہارا فراہم کرنے کے لیے ریٹائرمنٹ گرانٹس کی مد میں 18 کروڑ 11 لاکھ روپے سے زائد رقم فراہم کی گئی۔
ترجمان پنجاب پولیس کا کہنا ہے کہ ضرورت مند پولیس ملازمین اور ان کے خاندانوں کے لیے گذارا الاؤنس کی مد میں 8 کروڑ 94 لاکھ روپے سے زائد فنڈز بھی جاری کیے گئے۔ اس کے علاوہ پولیس اہلکاروں کے انتقال کی صورت میں ان کے اہلخانہ کو تدفین کے اخراجات کی مد میں 3 کروڑ 83 لاکھ روپے فراہم کیے گئے۔
پنجاب پولیس کی جانب سے فورس کے اہلکاروں کو ہنگامی حالات میں فوری مالی مدد بھی فراہم کی گئی، جس کے تحت فوری مالی امداد کی مد میں 92 لاکھ روپے سے زائد رقم جاری کی گئی۔آئی جی پنجاب نے کہا ہے کہ پولیس ویلفیئر فنڈ اور ویلفیئر ذرائع سے حاصل ہونے والی آمدن کے ذریعے پولیس ملازمین اور ان کے اہلخانہ کو درپیش مشکلات کے ازالے کا سلسلہ مستقبل میں بھی جاری رکھا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ پولیس فورس کی فلاح و بہبود اور ان کے خاندانوں کی مالی معاونت محکمہ پولیس کی ترجیحات میں شامل ہے۔














