ڈومیسٹک کرکٹر حمزہ نذر پر 2 سال کی پابندی، 10 لاکھ جرمانہ، وجہ کیا بنی؟

لاہور( پنجاب پوسٹ ) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے ڈومیسٹک کرکٹر حمزہ نذر پر ویزا درخواست میں غلط اور نامکمل معلومات فراہم کرنے کے الزام میں دو سال کی پابندی عائد کر دی ہے، جبکہ ان پر 10 لاکھ روپے جرمانہ بھی عائد کیا گیا ہے۔

پی سی بی کے مطابق حمزہ نذر دو سال تک کسی بھی ڈومیسٹک یا بین الاقوامی کرکٹ ایونٹ میں شرکت کے اہل نہیں ہوں گے۔ بورڈ کا کہنا ہے کہ کرکٹر کے خلاف کارروائی ضابطہ اخلاق اور متعلقہ قواعد کے مطابق کی گئی ہے۔

پی سی بی نے بتایا کہ معاملے کی تحقیقات کے لیے تین رکنی انکوائری کمیٹی تشکیل دی گئی تھی، جس نے حمزہ نذر کو اپنا مؤقف پیش کرنے کا مکمل موقع فراہم کیا۔ کمیٹی نے دستیاب شواہد، ریکارڈ اور تمام حقائق کا تفصیلی جائزہ لینے کے بعد اپنی سفارشات بورڈ کو پیش کیں۔

بیان کے مطابق پی سی بی نے انکوائری کمیٹی کی سفارشات کا بغور جائزہ لینے کے بعد یہ فیصلہ کیا کہ حمزہ نذر نے ویزا درخواست میں مکمل اور درست معلومات فراہم نہیں کیں، جس پر ان کے خلاف دو سالہ پابندی اور 10 لاکھ روپے جرمانے کی سزا نافذ کی گئی۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کا کہنا ہے کہ غلط بیانی، حقائق چھپانا یا غلط معلومات فراہم کرنا کسی صورت قابل قبول نہیں اور ایسے اقدامات پاکستان کرکٹ، پی سی بی اور شائقین کی ساکھ کو متاثر کرتے ہیں۔ بورڈ نے واضح کیا کہ کرکٹ سے وابستہ ہر فرد پر لازم ہے کہ وہ قواعد و ضوابط کی مکمل پاسداری کرے، جبکہ خلاف ورزی کی صورت میں سخت تادیبی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

Share this article

سبسکرائب

سبسکرائب بٹن دبا کر، آپ تصدیق کرتے ہیں کہ آپ نے ہماری پرائیویسی پالیسی پڑھ لی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے