ہارون آباد(پنجاب پوسٹ) میں تھانہ سٹی پولیس نے جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بھرپور کریک ڈاؤن کرتے ہوئے مختلف کارروائیوں میں 11 ملزمان کو گرفتار کر لیا، جبکہ دو ملزمان موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔ پولیس نے کارروائیوں کے دوران منشیات، شراب اور جوئے کی نقد رقم بھی برآمد کر لی، جبکہ مبینہ قحبہ خانے پر چھاپہ مار کر چار افراد کو بھی حراست میں لیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق ڈی پی او بہاولنگر محمد عمران کی ہدایات پر ایس ایچ او تھانہ سٹی ہارون آباد فراز احمد وٹو نے اپنی پولیس ٹیم کے ہمراہ مختلف علاقوں میں کارروائیاں کیں۔ پولیس نے منشیات فروشوں اور شراب فروشوں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے مجموعی طور پر 80 گرام آئس، 72 لیٹر شراب اور جوئے میں استعمال ہونے والی نقد رقم برآمد کی۔ کارروائیوں کے دوران متعدد مقدمات بھی درج کیے گئے۔
پولیس نے سہارا ٹاؤن میں قائم مبینہ قحبہ خانے پر چھاپہ مارا، جہاں سے چار افراد کو گرفتار کر کے قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا گیا، جبکہ دو ملزمان فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے جن کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔
ترجمان بہاولنگر پولیس کے مطابق جرائم پیشہ عناصر، منشیات فروشوں، شراب فروشوں، جواریوں اور دیگر قانون شکن عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی۔ انہوں نے کہا کہ شہریوں کے جان و مال کے تحفظ اور امن و امان کے قیام کے لیے پولیس ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے اور کسی بھی غیر قانونی سرگرمی کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔













