بہاولنگر (پنجاب پوسٹ) پنجاب فوڈ اتھارٹی نے ملاوٹ مافیا کے خلاف کریک ڈاؤن کرتے ہوئے نیو ٹاؤن میں قائم ایک مایونیز پوائنٹ پر چھاپہ مار کر 40 من مضر صحت مایونیز برآمد کر کے تلف کر دی۔
ترجمان پنجاب فوڈ اتھارٹی کے مطابق کارروائی لیبارٹری ٹیسٹ میں مایونیز کے سیمپلز فیل ہونے کے بعد عمل میں لائی گئی۔ لیب رپورٹ کے مطابق مایونیز پنجاب فوڈ اتھارٹی کے مقررہ معیار کے منافی پائی گئی۔
ترجمان نے بتایا کہ مضر صحت مایونیز شہر کے مختلف فاسٹ فوڈ پوائنٹس پر سپلائی کی جانی تھی، تاہم بروقت کارروائی کے ذریعے اسے مارکیٹ میں پہنچنے سے پہلے ہی تلف کر دیا گیا۔
ڈی جی پنجاب فوڈ اتھارٹی راجہ منصور نے کہا کہ مضر صحت اشیاء فروخت کرنے والوں کے خلاف کارروائیاں بلاامتیاز جاری رہیں گی۔ ان کا کہنا تھا کہ ملاوٹ سے پاک اور صحت مند معاشرہ پنجاب حکومت کی اولین ترجیح ہے، جبکہ خوراک کے نام پر شہریوں میں بیماریاں بانٹنے والے عناصر کسی رعایت کے مستحق نہیں ہیں۔












