لاہور ( پنجاب پوسٹ ) پاکستان کی برآمدات کے شعبے میں ایک اہم پیشرفت سامنے آئی ہے، جہاں ایک پاکستانی ٹائر ساز کمپنی کو سعودی عرب، متحدہ عرب امارات سمیت خلیج کے چھ ممالک میں اپنی مصنوعات برآمد کرنے کی باضابطہ منظوری مل گئی ہے۔
کمپنی نے اس اہم پیشرفت سے متعلق تفصیلات پاکستان اسٹاک ایکسچینج (PSX) کو ارسال کردہ خط میں جاری کیں۔ خط کے مطابق کمپنی کو گلف اسٹینڈرڈائزیشن آرگنائزیشن (GSO) کی جانب سے باضابطہ منظوری موصول ہو گئی ہے، جس کے بعد کمپنی خلیجی منڈیوں میں اپنے ٹائر برآمد کرنے کی اہل ہو گئی ہے۔
کمپنی کے مطابق اس منظوری کے تحت اب وہ سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، بحرین، قطر، عمان اور کویت سمیت جی ایس او کے رکن ممالک کو ٹائر برآمد کر سکے گی۔ اس پیشرفت سے کمپنی کی بین الاقوامی مارکیٹ تک رسائی میں نمایاں اضافہ ہوگا، جبکہ پاکستانی مصنوعات کی خلیجی منڈیوں میں موجودگی مزید مضبوط ہونے کی توقع ہے۔
ماہرین کے مطابق جی ایس او کی منظوری کسی بھی کمپنی کے لیے معیار اور حفاظتی تقاضوں پر پورا اترنے کا اہم اعتراف تصور کی جاتی ہے۔ اس کامیابی سے نہ صرف کمپنی کی برآمدات میں اضافہ ہوگا بلکہ ملک کے مجموعی برآمدی حجم، زرمبادلہ کے ذخائر اور صنعتی شعبے کو بھی تقویت ملنے کا امکان ہے۔
تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ خلیجی ممالک میں پاکستانی ٹائروں کی رسائی سے مقامی صنعت کے لیے نئی کاروباری راہیں کھلیں گی، جس سے سرمایہ کاری، پیداوار اور روزگار کے مواقع میں بھی اضافہ متوقع ہے۔











