پسرور (پنجاب پوسٹ) پسرور کے نواحی علاقے الہڑ ریلوے اسٹیشن کے قریب ٹرین کی زد میں آ کر 7 سالہ بچی جاں بحق ہوگئی۔
پولیس کے مطابق جاں بحق ہونے والی بچی کی شناخت نور دختر محمد امین سکنہ لدھے والا وڑائچ کے نام سے ہوئی ہے۔ ابتدائی معلومات کے مطابق بچی کے والدین ریلوے لائن کے قریب دھان کی فصل لگا رہے تھے کہ اسی دوران بچی ریلوے ٹریک پر چلی گئی اور سیالکوٹ سے کراچی جانے والی علامہ اقبال ایکسپریس کی زد میں آ گئی۔
حادثے کے نتیجے میں بچی موقع پر ہی دم توڑ گئی۔ اطلاع ملنے پر ریلوے پولیس موقع پر پہنچ گئی اور ضروری کارروائی کے بعد لاش مزید قانونی کارروائی کے لیے تھانہ بڈیانہ پولیس کے حوالے کر دی گئی۔











