ایل اے 36 جموں 3: مہاجرینِ جموں و کشمیر کی قربانیوں کی نمائندگی ختم نہیں ہونے دیں گے، خواجہ آصف

سیالکوٹ(پنجاب پوسٹ) وزیر دفاع خواجہ آصف نے سیالکوٹ کے سرحدی دیہات میں آزاد کشمیر کے حلقہ ایل اے 36 جموں 3 کے انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ مہاجرینِ جموں و کشمیر نے پاکستان کے قیام اور استحکام کے لیے بے مثال قربانیاں دی ہیں، ان کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کیا جا سکتا اور ان کی نمائندگی ختم کرنے کی ہر کوشش ناکام بنائی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ مہاجرین کا پاکستان سے تعلق قربانی، وفاداری اور محبت پر مبنی ہے۔خواجہ آصف نے اپنے خطاب میں کہا کہ جموں کے مسلمانوں نے پاکستان پہنچنے کے لیے لاکھوں جانوں کی قربانیاں دیں، یہی قربانیاں پاکستان کی تاریخ کا روشن باب ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آج بھی مقبوضہ کشمیر کے عوام کے دل پاکستان کے ساتھ دھڑکتے ہیں اور وہ اپنے حقِ خودارادیت کی جدوجہد جاری رکھے ہوئے ہیں۔

وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ پاکستان کشمیر کاز پر اپنے اصولی مؤقف سے کبھی پیچھے نہیں ہٹے گا۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام کا جذبۂ آزادی پہلے سے زیادہ مضبوط ہو چکا ہے اور بھارت کے تمام تر ہتھکنڈوں کے باوجود کشمیری عوام اپنے حق کے لیے ڈٹے ہوئے ہیں۔انہوں نے بعض عناصر پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ بیرونی ایجنڈے پر کام کرنے والے لوگ کشمیری عوام کو گمراہ کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، تاہم باشعور عوام ایسی تمام سازشوں کو مسترد کر دیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ قومی مفاد اور کشمیر کے معاملے پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جا سکتا۔خواجہ آصف نے کہا کہ وہ گزشتہ چھتیس برس سے ایک ہی سیاسی جماعت سے وابستہ ہیں، انہیں نواز شریف کی قیادت پر مکمل اعتماد ہے اور وہ آخری دم تک ان کا ساتھ نہیں چھوڑیں گے۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) نے ہمیشہ قومی مفادات اور کشمیر کے مسئلے پر واضح مؤقف اختیار کیا ہے۔وزیر دفاع نے کشمیری عوام سے اپیل کی کہ وہ آزاد کشمیر کے انتخابات میں بھرپور انداز میں حصہ لیں اور اپنے ووٹ کے ذریعے یہ ثابت کریں کہ کشمیر کا پاکستان سے رشتہ قربانیوں، محبت، وفاداری اور مشترکہ جدوجہد پر قائم ہے۔

Share this article

سبسکرائب

سبسکرائب بٹن دبا کر، آپ تصدیق کرتے ہیں کہ آپ نے ہماری پرائیویسی پالیسی پڑھ لی ہے۔

مزید خبریں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے