فیصل آباد(پنجاب پوسٹ) پولیس نے انٹرپول کے ذریعے قتل کے اشتہاری ملزم کو دبئی سے گرفتار کرلیا۔ پولیس حکام نے بتایا ہے کہ تھانہ صدر جڑانوالہ پولیس نے انٹرپول کے ذریعے قتل کے اشتہاری ملزم نوید اشتیاق کو دبئی سے گرفتار کرلیا۔
ایس پی جڑانوالہ محمد اختر وینس کی ہدایت پر ایس ایچ او تھانہ صدر ملک عمران نے کارروائی کرتے ہوئے قتل کے مقدمہ میں مطلوب اشتہاری ملزم نوید اشتیاق کو انٹرپول کے ذریعے دبئی سے گرفتار کیا۔
یہ بھی پڑھیں:ساہیوال سے بھارتی خفیہ ایجنسی "را” کے 2 دہشتگرد گرفتار
پولیس کے مطابق 5 سال قبل ملزم نوید اشتیاق نے تھانہ صدر کے علاقہ چک نمبر 118 گ ب میں معمولی تلخ کلامی پر ساجد کو کلہاڑی کے وار کرکے قتل کر دیا تھا۔ واردات کے بعد ملزم پاکستان سے فرار ہو کر دبئی چلا گیا تھا۔
ایس ایچ او تھانہ صدر نے انٹرپول کے ذریعے ملزم کی گرفتاری کے لیے قانونی کارروائی کی اور خصوصی ٹیم تشکیل دی، جس کے نتیجے میں ملزم کو دبئی سے گرفتار کرکے پاکستان منتقل کر لیا گیا۔ پولیس نے ملزم کے خلاف قانونی کارروائی شروع کردی ہے۔














