لاہور (پنجاب پوسٹ) نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) نے سائبر فراڈ میں ملوث منظم او ڈ گینگ کے خلاف کامیاب کارروائیاں کرتے ہوئے لاہور، ملتان اور فیصل آباد سے مجموعی طور پر 27 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔
ترجمان این سی سی آئی اے کے مطابق ملزمان شہریوں کو فون کالز کے ذریعے خود کو بینک افسر، کسٹمز حکام اور پولیس اہلکار ظاہر کر کے دھوکہ دیتے تھے۔ مختلف بہانوں سے شہریوں سے ون ٹائم پاس ورڈ (OTP) اور بینکنگ معلومات حاصل کر کے ان کے بینک اکاؤنٹس سے رقوم منتقل کی جاتی تھیں۔
یہ بھی پڑھیں: ایف آئی اے کی بڑی کارروائی، مائیگرنٹ اسمگلنگ اور ویزا فراڈ میں ملوث 2 ملزمان گرفتار
لاہور میں دو مختلف کارروائیوں کے دوران 13 ملزمان کو گرفتار کیا گیا، جبکہ ملزمان کے قبضے سے موبائل فونز، کمپیوٹرز اور دیگر اہم ڈیجیٹل شواہد برآمد کیے گئے۔اسی طرح ملتان میں چار مختلف آپریشنز کے دوران او ٹی پی گینگ کے 13 اہم کارندوں کو گرفتار کیا گیا، جو منظم انداز میں سائبر فراڈ کی وارداتوں میں ملوث تھے۔
فیصل آباد میں ایک کارروائی کے دوران اکاؤنٹ ہیکنگ میں ملوث ایک ملزم کو گرفتار کیا گیا، جس کے قبضے سے جعلی سمیں اور دیگر متعلقہ مواد بھی برآمد ہوا۔
ترجمان این سی سی آئی اے نے کہا کہ شہری سائبر جرائم سے محفوظ رہنے کے لیے اپنا او ٹی پی، بینک اکاؤنٹ کی معلومات، اے ٹی ایم پن، پاس ورڈز یا دیگر حساس معلومات کسی بھی غیر متعلقہ فرد کے ساتھ ہرگز شیئر نہ کریں۔ کسی بھی مشکوک کال، پیغام یا آن لائن سرگرمی کی صورت میں فوری طور پر متعلقہ اداروں کو اطلاع دیں۔













