لاہور(پنجاب پوسٹ) محکمہ فوڈ سیفٹی اینڈ کنزیومر پروٹیکشن نے واضح کیا ہے کہ صوبہ بھر میں عوام کو معیاری آٹے کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے صورتحال کی مسلسل نگرانی کی جا رہی ہے اور فلور ملز معمول کے مطابق فعال ہیں۔
ترجمان فوڈ سیفٹی کے مطابق گندم کی پسائی کا عمل بلا تعطل جاری ہے جبکہ مارکیٹ میں آٹے کی دستیابی برقرار رکھنے اور سپلائی چین کو مستحکم رکھنے کے لیے کڑی مانیٹرنگ کی جا رہی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: ساہیوال: پولیس کی حراست سے 6 ملزمان کیسے فرار ہوئے؟
ترجمان کا کہنا ہے کہ عوام کو آٹے کی فراہمی میں کسی قسم کی رکاوٹ پیدا نہیں ہونے دی جائے گی اور ذخیرہ اندوزی یا ناجائز منافع خوری میں ملوث عناصر کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ روز مارکیٹ میں 10 کلو آٹے کے 6 لاکھ 63 ہزار سے زائد تھیلے فراہم کیے گئے، جبکہ پنجاب کے تمام اضلاع میں آٹا وافر مقدار میں دستیاب ہے۔
ترجمان فوڈ سیفٹی نے آٹے کی قلت سے متعلق گردش کرنے والی خبروں کو مسترد کرتے ہوئے انہیں بے بنیاد اور جھوٹ پر مبنی قرار دیا ہے۔













