لاہور (پنجاب پوسٹ) بہاولنگر میں محکمہ سپورٹس کے زیر اہتمام حیدر اسٹیڈیم میں بین التحصیل کھیلوں کے مقابلوں کا انعقاد کیا گیا، جس میں مرد و خواتین کھلاڑیوں نے بھرپور حصہ لیا اور اپنی صلاحیتوں کے جوہر دکھائے۔
کھیلوں کے ان مقابلوں کی نگرانی سپورٹس آفیسر مسز عظمیٰ بشیر نے کی۔ تقریب میں بیڈمنٹن ٹورنامنٹ اور تائیکوانڈو کا نمائشی شو بھی پیش کیا گیا، جس نے شائقین کو خوب محظوظ کیا۔
یہ بھی پڑھیں:بہاولنگر: بین التحصیل کھیلوں کے مقابلے، نوجوانوں نے شاندار کارکردگی دکھائی
تقریب میں ڈپٹی کمشنر بہاولنگر سید محمد عباس شاہ نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی، جبکہ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل محمد وسیم، میجر (ر) اویس خان جدون، ڈپٹی ڈائریکٹر کاؤنٹر نارکوٹکس فورس وسیم حسن راجہ اور ایم ٹی ایس کے چ بھی مہمانوں میں شامل تھے۔
مقابلوں کے دوران کھلاڑیوں نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا، جس پر شائقین نے انہیں بھرپور داد دی۔ آخر میں ڈپٹی کمشنر نے نمایاں کارکردگی دکھانے والے کھلاڑیوں میں انعامات بھی تقسیم کیے۔
اس موقع پر ڈپٹی کمشنر سید محمد عباس شاہ کا کہنا تھا کہ نوجوان نسل کو صحت مند سرگرمیوں کی طرف راغب کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ کھیل نہ صرف جسمانی فٹنس بلکہ خود اعتمادی اور مثبت کردار سازی میں بھی اہم کردار ادا کرتے ہیں۔













