لاہور (پنجاب پوسٹ) پاکستانی فلم انڈسٹری کی معروف اداکارہ میرا اپنی والدہ مسماۃ شفقت زہرہ بخاری کے ہمراہ ماڈل ٹرائل کورٹ شیخوپورہ میں پیش ہوئیں، جہاں زیرِ سماعت ایک اہم دیوانی مقدمے میں ان کی والدہ کی شہادت قلمبند کی گئی۔ سماعت کے بعد دونوں نے عدالتی کارروائی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے نظامِ انصاف پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا۔
تفصیلات کے مطابق ماڈل ٹرائل کورٹ کے سول جج فرسٹ کلاس آصف علی کی عدالت میں موضع مدوالا کلاں کی زرعی اراضی سے متعلق دعویٰ تعمیل معاہدہ زیرِ سماعت ہے۔ مقدمے کی مدعیہ مسماۃ شفقت زہرہ بخاری ہیں، جن کی عدالت میں باقاعدہ شہادت قلمبند کی گئی۔
دورانِ سماعت مدعا علیہان کے وکیل ایم سعید اقبال سلیمی ایڈووکیٹ ہائیکورٹ نے مدعیہ پر تفصیلی جرح کی اور مختلف سوالات کیے، جن کے انہوں نے عدالت کے روبرو جوابات دیے۔ مدعیہ کی جانب سے میاں قاسم حسیب ایڈووکیٹ اور سید وقار عباس کاظمی ایڈووکیٹ سپریم کورٹ پیش ہوئے۔
اسی دوران اداکارہ میرا روسٹرم پر آئیں اور عدالت سے استفسار کیا کہ متنازعہ اراضی ان کی خاندانی وراثت سے تعلق رکھتی ہے، جو ایک ٹرسٹ کے لیے وقف کی گئی تھی۔ اس پر فاضل جج آصف علی نے ریمارکس دیے کہ مقدمہ اپنے آخری مراحل میں داخل ہو چکا ہے، گواہان کی شہادتیں اور جرح تقریباً مکمل ہیں، اور ماڈل ٹرائل کورٹس میں مقدمات کو سپیڈی ٹرائل کی بنیاد پر نمٹایا جاتا ہے، لہٰذا کارروائی مکمل ہوتے ہی قانون کے مطابق فیصلہ سنا دیا جائے گا۔
سماعت کے بعد اداکارہ میرا اور ان کی والدہ نے نمائندہ پنجاب پوسٹ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وہ عدالت کی کارروائی سے مکمل مطمئن ہیں اور انہیں نظامِ انصاف پر بھرپور اعتماد ہے۔














