بھلوال(پنجاب پوسٹ) سرکاری سفیدے کے درخت کو مبینہ طور پر نقصان پہنچانے کے معاملے پر محکمہ جنگلات نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے سابق اسسٹنٹ ڈائریکٹر محکمہ زراعت اسرار کاظم اور ان کے ساتھیوں کے خلاف مقدمہ درج کرا دیا۔
ایف آئی آر کے مطابق سہولت بازار بھلوال کے سامنے واقع سرکاری سفیدے کا درخت مبینہ طور پر سابق اسسٹنٹ ڈائریکٹر محکمہ زراعت اسرار کاظم کی نگرانی میں کاٹا جا رہا تھا۔ اطلاع ملنے پر محکمہ جنگلات اور فاریسٹ رینجر کی مشترکہ ٹیم موقع پر پہنچ گئی اور درخت کو سرکاری ملکیت قرار دیتے ہوئے کٹائی روکنے کی ہدایت کی۔
رپورٹ کے مطابق ہدایات کے باوجود مبینہ طور پر درخت کی کٹائی جاری رکھی گئی، جس پر محکمہ جنگلات نے فوری قانونی کارروائی کرتے ہوئے پولیس کو طلب کر لیا۔ تاہم پولیس کے پہنچنے سے قبل اسرار کاظم اور دیگر نامزد افراد مبینہ طور پر موقع سے فرار ہو گئے، جبکہ مشترکہ کارروائی کے دوران درخت کی مزید کٹائی رکوا دی گئی۔
پولیس نے محکمہ جنگلات کی مدعیت میں سابق اسسٹنٹ ڈائریکٹر محکمہ زراعت اسرار کاظم اور دیگر افراد کے خلاف مقدمہ درج کر کے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔













