لاہور ڈویژن میں ریسکیو آپریشن، فیلڈ ہسپتال، 11 ریلیف ، 19 ریسکیو کیمپ فعال، 709 افراد ریسکیو کئے، کمشنر لاہور کا دعویٰ

لاہور(پنجاب پوسٹ)ڈویژن میں حالیہ سیلابی صورتحال کے پیش نظر ضلعی انتظامیہ، ریسکیو ادارے اور محکمہ صحت پوری طرح متحرک ہیں۔ کمشنر لاہور نعمان یوسف نے مریدکے میں قائم فلڈ ریلیف کیمپ کا دورہ کیا، متاثرین میں کھانا تقسیم کیا اور امدادی سرگرمیوں کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ سیلاب متاثرہ افراد کے جان و مال کے تحفظ کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں اور کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔

کمشنر لاہور کے مطابق لاہور ڈویژن میں اس وقت 11 فلڈ ریلیف کیمپس اور 19 ریسکیو کیمپس مکمل طور پر فعال ہیں، جہاں متاثرین کو رہائش، خوراک، طبی سہولیات اور دیگر بنیادی ضروریات فراہم کی جا رہی ہیں۔ مریدکے کے فلڈ ریلیف کیمپ میں 250 افراد کی گنجائش پر مشتمل فیلڈ ہسپتال بھی قائم کیا گیا ہے، جس کی نگرانی سی ای او ہیلتھ کر رہے ہیں تاکہ کسی بھی طبی ایمرجنسی سے فوری طور پر نمٹا جا سکے۔انہوں نے بتایا کہ لاہور ڈویژن میں اب تک مجموعی طور پر 709 افراد کو محفوظ مقامات اور فلڈ ریلیف کیمپس میں منتقل کیا جا چکا ہے۔ ضلع شیخوپورہ میں 636 افراد جبکہ ضلع ننکانہ صاحب میں 73 افراد کا کامیاب ریسکیو اور انخلاء کیا گیا۔ تاہم لاہور اور قصور میں قائم فلڈ ریلیف کیمپس میں فی الحال کوئی متاثرہ شخص مقیم نہیں، کیونکہ وہاں کے متاثرین کو محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا گیا ہے۔کمشنر نعمان یوسف نے ضلعی انتظامیہ کی جانب سے حفاظتی بند باندھنے کے لیے جاری آپریشنز کا بھی جائزہ لیا۔

انہوں نے بوٹ کے ذریعے سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا اور متعلقہ افسران کو امدادی کاموں میں مزید تیزی لانے کی ہدایت کی۔ ان کا کہنا تھا کہ مختلف علاقوں میں سیلاب کے باعث ڈیروں، فصلوں اور گھروں کو نقصان پہنچا ہے، تاہم ریسکیو ٹیمیں مسلسل متاثرہ علاقوں میں موجود ہیں اور شہریوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کے ساتھ امدادی سرگرمیاں بلا تعطل جاری رکھے ہوئے ہیں۔کمشنر لاہور نے اس عزم کا اظہار کیا کہ حکومت پنجاب اور ضلعی انتظامیہ سیلاب متاثرین کی ہر ممکن مدد کرے گی اور جان و مال کے تحفظ کے لیے تمام دستیاب وسائل استعمال کیے جائیں گے۔

Share this article

سبسکرائب

سبسکرائب بٹن دبا کر، آپ تصدیق کرتے ہیں کہ آپ نے ہماری پرائیویسی پالیسی پڑھ لی ہے۔

مزید خبریں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے