شیخوپورہ میں پنجاب فوڈ اتھارٹی کا بڑا کریک ڈاؤن، 111 فوڈ پوائنٹس کی چیکنگ، کتنے لاکھ سے زائد جرمانے ہوئے ؟

شیخوپورہ ( مپنجاب پوسٹ ) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف اور ڈائریکٹر جنرل پنجاب فوڈ اتھارٹی راجہ منصور احمد کی ہدایات پر پنجاب فوڈ اتھارٹی شیخوپورہ نے ملاوٹ اور غیر معیاری خوراک کے خلاف خصوصی مہم کے دوران ضلع بھر میں بھرپور کارروائیاں کیں۔

ڈپٹی ڈائریکٹر آپریشن غلام صابر کی نگرانی میں فوڈ سیفٹی ٹیموں نے 111 فوڈ بزنس مراکز کا معائنہ کیا۔ حفظانِ صحت کے اصولوں کی خلاف ورزی، ناقص صفائی اور فوڈ سیفٹی قوانین پر عمل نہ کرنے پر مختلف فوڈ بزنس آپریٹرز کو 3 لاکھ 4 ہزار روپے سے زائد کے جرمانے عائد کیے گئے۔

کارروائی کے دوران معیاری دودھ کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے 43 ہزار 840 لیٹر دودھ کی جانچ کی گئی، جبکہ 3 لیٹر مشروبات اور 40 کلوگرام زائدالمیعاد، غیر معیاری اور ممنوعہ اشیائے خورد و نوش، جن میں مختلف بیکری آئٹمز بھی شامل تھیں، موقع پر تلف کر دی گئیں۔

پنجاب فوڈ اتھارٹی نے خوراک کے معیار کی جانچ کے لیے مختلف اشیائے خورونوش کے نمونے حاصل کرکے لیبارٹری بھجوا دیے، جبکہ متعدد فوڈ پوائنٹس کو اصلاحی نوٹس بھی جاری کیے گئے۔

ڈپٹی کمشنر شیخوپورہ رانا عدیل تصور نے کہا کہ عوام کو معیاری، محفوظ اور ملاوٹ سے پاک خوراک کی فراہمی حکومت پنجاب کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ پنجاب فوڈ اتھارٹی خوراک کے معیار پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کرے گی اور مضرِ صحت، ملاوٹ شدہ اور غیر معیاری اشیائے خورونوش کی تیاری و فروخت میں ملوث عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی۔

انہوں نے فوڈ بزنس آپریٹرز کو ہدایت کی کہ فوڈ سیفٹی قوانین، حفظانِ صحت کے اصولوں اور مقررہ معیارات پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنائیں، جبکہ شہریوں کو محفوظ اور معیاری خوراک کی فراہمی کے لیے معائنوں اور انفورسمنٹ کارروائیوں کا سلسلہ مسلسل جاری رکھا جائے گا۔

Share this article

سبسکرائب

سبسکرائب بٹن دبا کر، آپ تصدیق کرتے ہیں کہ آپ نے ہماری پرائیویسی پالیسی پڑھ لی ہے۔

مزید خبریں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے