خانیوال (پنجاب پوسٹ) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ڈرگ فری پنجاب مہم کے تحت ضلع خانیوال میں منشیات فروشوں کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے۔ ڈی پی او خانیوال محمد عابد کی ہدایات پر ضلع بھر میں منشیات فروشوں اور ناجائز اسلحہ رکھنے والے عناصر کے خلاف مؤثر کارروائیاں کی جا رہی ہیں۔
پولیس کے مطابق مختلف تھانوں کی حدود میں کارروائیوں کے دوران مجموعی طور پر 16 مبینہ منشیات فروش گرفتار کیے گئے، جن کے قبضے سے تقریباً 26 کلو گرام چرس، 1200 گرام آئس اور 95 لیٹر شراب برآمد ہوئی۔ اس کے علاوہ ناجائز اسلحہ رکھنے والے 3 ملزمان بھی گرفتار کیے گئے، جن سے 30 بور پستول برآمد ہوئے۔ تمام ملزمان کے خلاف الگ الگ مقدمات درج کر کے مزید تفتیش جاری ہے۔

سرکل کبیروالہ کے تھانہ بارہ میل پولیس نے بھی کارروائی کرتے ہوئے 3 مبینہ منشیات فروشوں کو گرفتار کر لیا۔ پولیس کے مطابق ملزمان کے قبضے سے 3 کلو گرام چرس اور 40 لیٹر شراب برآمد ہوئی۔ برآمد ہونے والی منشیات اور شراب قبضے میں لے کر ملزمان کے خلاف مقدمات درج کر لیے گئے ہیں
پولیس کا کہنا ہے کہ ابتدائی تفتیش میں گرفتار ملزمان نے منشیات کی خرید و فروخت کے مبینہ نیٹ ورک سے متعلق اہم معلومات فراہم کی ہیں، جبکہ دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لیے کارروائیاں جاری ہیں۔ ڈی پی او محمد عابد کا کہنا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب کی فری ڈرگ پنجاب مہم کے تحت منشیات فروشوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی۔ انہوں نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ منشیات فروشوں کی نشاندہی کریں، اطلاع دینے والے کی شناخت صیغۂ راز میں رکھی جائے گی۔













