لاہور تعلیمی بورڈ کے زیر اہتمام ہونے والے میٹرک امتحانات 2026 کے ایجوکیشن کے پرچے کے دوران کنٹرولر امتحانات نے وزٹ کے موقع پر دو جعلی امیدواروں کو رنگے ہاتھوں پکڑ لیا۔ اس حوالے سے کنٹرولر امتحانات کی جانب سے فوری کارروائی عمل میں لائی گئی۔
مزید پڑھیں: پنجاب اسمبلی میں طلبہ تنظیموں کی بحالی سے متعلق اہم پیش رفت
تفصیلات کے مطابق گورنمنٹ ہائی اسکول گجومتہ لاہور کے امتحانی مرکز میں رول نمبر 377774 غلام محی الدین کی جگہ جعلی امیدوار غلام امیر الدین امتحان دے رہا تھا۔ اسی طرح کنگ وے سائنس ہائی اسکول فار بوائز علی لیاقت ٹاؤن چونگی امرسدھو کے امتحانی مرکز میں رول نمبر 379689 محمد احسان کی جگہ جعلی امیدوار حزیفہ عبدالحمید امتحان میں شریک پایا گیا۔
مزید پڑھیں: مفت لیپ ٹاپ حاصل کرنے کے خواہشمند طلبا کے لئے بڑی خبر
دونوں جعلی امیدواروں کے خلاف متعلقہ دفعات کے تحت ایف آئی آر درج کر کے مزید قانونی کارروائی شروع کر دی گئی ہے۔ کنٹرولر امتحانات کے مطابق وزیراعلی پنجاب مریم نواز کے وژن، وزیر تعلیم رانا سکندر اور چیئرمین ٹاسک فورس کمیٹی برائے بورڈ مزمل محمود کی ہدایات کے مطابق نقل اور جعلسازی کے خلاف اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

کنٹرولر امتحانات توصیف الرحمن کا کہنا ہے کہ امتحانی عمل کو شفاف بنانے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں اور جعلی امیدواروں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی جاری رکھی جائے گی۔








