رائیونڈ(پنجاب پوسٹ) میں ایک دلخراش حادثہ پیش آیا جہاں کوٹ بابو خان کے علاقے میں خستہ حال مکان کی چھت اچانک گرنے سے ایک شخص جاں بحق جبکہ اس کی اہلیہ اور دو کمسن بچے زخمی ہوگئے۔ حادثہ اس وقت پیش آیا جب پوری فیملی کمرے میں سو رہی تھی، جس کے باعث اہلِ خانہ ملبے تلے دب گئے اور علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔
ریسکیو 1122 کے مطابق کوٹ بابو خان میں واقع بوسیدہ مکان کی چھت اچانک منہدم ہوگئی۔ اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیمیں فوری طور پر موقع پر پہنچیں اور امدادی کارروائی شروع کرتے ہوئے ملبے تلے دبے افراد کو باہر نکالا۔
پزید پڑھیں:رائیونڈ:میں کوسٹرز کا خوفناک تصادم، سی سی ٹی وی میں کس کی غلطی ثابت ہوئی؟
حادثے کے نتیجے میں 32 سالہ محمد عرفان موقع پر ہی جاں بحق ہوگیا، جبکہ اس کی اہلیہ اور دو کمسن بچے زخمی ہوگئے۔ ریسکیو اہلکاروں نے زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کے بعد ٹی ایچ کیو اسپتال رائیونڈ منتقل کردیا، جبکہ جاں بحق ہونے والے محمد عرفان کی لاش بھی اسپتال منتقل کردی گئی۔
اہلِ محلہ کے مطابق محمد عرفان ایک فیکٹری میں مزدوری کرتا تھا اور چند روز قبل ہی اپنے اہلِ خانہ کے ساتھ یہ مکان کرایہ پر لیا تھا۔ واقعے پر اہلِ علاقہ نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے خستہ حال عمارتوں کی بروقت جانچ اور حفاظتی اقدامات کا مطالبہ کیا ہے۔














