راولپنڈی (پنجاب پوسٹ) راولپنڈی میں وزیر زراعت پنجاب سید عاشق حسین کرمانی اور سیکرٹری زراعت افتخار علی سہو نے اہم زرعی امور کے جائزے کے لیے خصوصی دورہ کیا، جہاں مختلف اجلاسوں اور ملاقاتوں میں کسانوں کی سہولت اور زرعی ترقی کے حوالے سے اہم فیصلے کیے گئے۔
سونا ٹاور راولپنڈی میں ایم ڈی ایف ایف سی جہانگیر پراچہ سے ملاقات کے دوران ڈی اے پی کھاد کی مقامی پیداوار اور درآمدی صورتحال پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ وزیر زراعت کے مطابق ربیع سیزن کے لیے ڈی اے پی کی بروقت دستیابی یقینی بنانے کے لیے وفاقی حکومت سے رجوع کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
دورے کے دوران گرین پاکستان انیشیٹو کے حکام کے ساتھ ملاقات نتیجہ خیز رہی۔ اجلاس میں ماڈل ایگری مالز کی آپریشنل سرگرمیوں کو بہتر بنانے، جدید سہولیات متعارف کرانے اور کسانوں کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کرنے پر اتفاق کیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں: "اپنا کھیت اپنا روزگار”سکیم کیلئے زمین واپسی چیلنج، لاہور ہائیکورٹ کا بڑا حکم
سیکرٹری زراعت افتخار علی سہو نے ہدایت کی کہ ماڈل ایگری مالز پر کاشتکاروں کو کھادوں اور دیگر زرعی سہولیات کے حصول میں کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہیں ہونا چاہیے، جبکہ خریداری پر خصوصی پیکجز متعارف کرانے کی تجویز بھی دی گئی۔
اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل اسٹریٹیجک پروجیکٹس میجر جنرل (ر) شاہد نذیر نے وزیراعلیٰ پنجاب کے زرعی شعبے کی ترقی کے لیے اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ کسانوں کی خوشحالی کے لیے صوبائی حکومت کی کوششیں قابل تحسین ہیں۔
لمز کے حکام نے زرعی شعبے کی ڈیجیٹلائزیشن کے لیے تجویز کردہ ایپ پر بریفنگ دی، جس کا مقصد جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے کسانوں کو سہولیات فراہم کرنا ہے۔
حکام کے مطابق حکومت زرعی شعبے کی بہتری اور کسانوں کی خوشحالی کے لیے عملی اقدامات جاری رکھے ہوئے ہے۔








