لاہور(پنجاب پوسٹ) ہائیکورٹ میں خوشاب کے چک نمبر 2 میں واقع 244 کنال چراگاہ کی زمین واپس لینے کے خلاف دائر درخواست پر سماعت ہوئی، جہاں عدالت نے ڈپٹی کمشنر خوشاب کو نوٹس جاری کرتے ہوئے تفصیلی رپورٹ طلب کرلی۔ عدالت نے ہدایت کی کہ کیس کے حتمی فیصلے تک اراضی سے متعلق معاملہ عدالتی فیصلے سے مشروط رہے گا۔
سماعت جسٹس احمد ندیم ارشد نے کی۔ درخواست گزار کی جانب سے ایڈووکیٹ رمضان چوہدری نے مؤقف اختیار کیا کہ چک نمبر 2 خوشاب میں 244 کنال چراگاہ کی زمین عارضی کاشت اسکیم کے تحت سالانہ ٹھیکے پر قانونی طریقہ کار کے مطابق حاصل کی گئی تھی۔
یہ بھی پڑھیں:بہاولنگر: ٹریکٹر ٹرالی اور موٹر سائیکل میں خوفناک تصادم، ایک شخص جان سے گیا
درخواست گزار کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ ڈپٹی کمشنر خوشاب نے مذکورہ اراضی "اپنا کھیت، اپنا روزگار” اسکیم کے لیے واپس لے لی، حالانکہ قانون کے مطابق عارضی کاشت اسکیم کے تحت الاٹ کی گئی زمین کو اس انداز میں واپس نہیں لیا جا سکتا۔
وکیل رمضان چوہدری نے عدالت سے استدعا کی کہ ڈپٹی کمشنر خوشاب کو اراضی واپس لینے سے روکا جائے اور درخواست گزار کے قانونی حقوق کا تحفظ یقینی بنایا جائے۔
دلائل سننے کے بعد لاہور ہائیکورٹ نے ڈپٹی کمشنر خوشاب کو نوٹس جاری کرتے ہوئے رپورٹ طلب کرلی اور قرار دیا کہ مقدمے کے حتمی فیصلے تک اراضی سے متعلق معاملہ عدالتی حکم کے تابع رہے گا۔








