راولپنڈی ( پنجاب پوسٹ ) سیکرٹری زراعت پنجاب افتخار علی سہو نے کہا ہے کہ 7 ارب روپے کی لاگت سے پوٹھوہار ایگریکلچر ٹرانسفارمیشن پلان پر تیزی سے عملدرآمد جاری ہے، جو خطہ پوٹھوہار میں زرعی ترقی کے لیے سنگ میل ثابت ہوگا۔
راولپنڈی میں پوٹھوہار ایگریکلچر ٹرانسفارمیشن پلان کے حوالے سے منعقدہ جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے افتخار علی سہو نے بتایا کہ منصوبے کے تحت 17 لاکھ 50 ہزار روپے فی یونٹ سبسڈی کے ساتھ 400 منی ڈیمز کی تعمیر کا عمل جاری ہے تاکہ بارش کے پانی کو محفوظ بنا کر زرعی مقاصد کے لیے استعمال کیا جا سکے۔
انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ 70 فیصد سبسڈی پر لفٹ اریگیشن سسٹمز کی تنصیب کے عمل میں مزید تیزی لائی جائے اور 4500 ایکڑ رقبے کی بلڈوزر کے ذریعے اصلاح کا مقررہ ہدف بروقت مکمل کیا جائے۔
سیکرٹری زراعت نے کہا کہ پہلی مرتبہ خطہ پوٹھوہار میں 32 لاکھ 90 ہزار روپے فی ایکڑ سبسڈی پر ادرک کی کاشت کے منصوبے پر عملدرآمد جاری ہے، جس سے علاقے میں فصلوں کی تنوع اور کاشتکاروں کی آمدن میں اضافہ ہوگا۔
افتخار علی سہو نے بلیک بیری، انجیر اور انگور کے پودوں کی بروقت فراہمی کے اہداف مکمل کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے زیتون کی کاشت کے مقررہ ہدف کو بھی مقررہ مدت میں مکمل کرنے پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب جدید زرعی ٹیکنالوجی، پانی کے مؤثر استعمال اور باغبانی کے فروغ کے ذریعے پوٹھوہار کو زرعی لحاظ سے مزید مستحکم بنانے کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے۔













