لاہور ( پنجاب پوسٹ ) پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے کہا ہے کہ صوبے کے بیشتر دریاؤں میں پانی کا بہاؤ معمول کے مطابق ہے، تاہم دریائے چناب کے خانکی اور قادر آباد کے مقامات پر نچلے درجے کی سیلابی صورتحال برقرار ہے۔
ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق خانکی کے مقام پر پانی کی آمد ایک لاکھ 25 ہزار کیوسک جبکہ اخراج ایک لاکھ 17 ہزار کیوسک ریکارڈ کیا گیا۔ قادر آباد میں پانی کی آمد ایک لاکھ 46 ہزار کیوسک اور اخراج ایک لاکھ 27 ہزار کیوسک ہے۔
یہ بھی پڑھیں : ٹوبہ ٹیک سنگھ اور کمالیہ میں ناقص میٹریل کا استعمال، مریم نواز کو کیا بتایا گیا؟
پی ڈی ایم اے کے مطابق دریائے چناب کے مرالہ، تریموں اور پنجند، دریائے راوی کے جسڑ، شاہدرہ، ہیڈ سدھنائی اور بلوکی، دریائے ستلج کے گنڈا سنگھ والا، سلیمانکی اور ہیڈ اسلام جبکہ دریائے سندھ کے تربیلا، کالاباغ، چشمہ اور تونسہ کے مقامات پر پانی کا بہاؤ معمول کے مطابق ہے۔ ڈیرہ غازی خان کے رودکوہیوں میں بھی صورتحال نارمل ہے۔
ترجمان نے خبردار کیا ہے کہ 24 جولائی تک متوقع بارشوں کے باعث پنجاب کے دریاؤں میں پانی کی سطح میں اضافے کا خدشہ ہے۔ بسنتر، ڈیگ، ایک، پلکھو، بھمبر، ہلسی اور ڈورا نالوں میں سیلابی صورتحال جبکہ ڈیرہ غازی خان کے رودکوہیوں میں فلیش فلڈنگ کا خطرہ موجود ہے۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے کے مطابق لاہور، گوجرانوالہ، بہاولنگر اور راولپنڈی ڈویژن میں اربن فلڈنگ کا بھی خدشہ ہے۔ انہوں نے دریاؤں کے پاٹ میں موجود شہریوں کو فوری طور پر محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کی ہدایت کرتے ہوئے بتایا کہ ممکنہ متاثرہ علاقوں میں فلڈ ریلیف کیمپس قائم کر دیے گئے ہیں۔
پی ڈی ایم اے نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ موسم اور سیلابی صورتحال کے پیش نظر احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور دریاؤں، نہروں، ندی نالوں کے اطراف غیر ضروری آمدورفت اور سیروتفریح سے گریز کریں۔











