لیہ(پنجاب پوسٹ) میں پنجاب فوڈ اتھارٹی نے پولیس اور محکمہ لائیو سٹاک کے ہمراہ مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے غیر قانونی سلاٹر ہاؤس پر چھاپہ مار کر شہریوں کی صحت سے کھیلنے کی ایک بڑی کوشش ناکام بنا دی۔ کارروائی کے دوران 500 کلوگرام بدبودار، ناقص اور مضرِ صحت گوشت برآمد کیا گیا، جسے ویٹرنری ڈاکٹر کی تصدیق کے بعد موقع پر ہی تلف کر دیا گیا۔ فوڈ اتھارٹی کی مدعیت میں غیر قانونی سلاٹر ہاؤس کے مالک کے خلاف مقدمہ بھی درج کر لیا گیا۔
ترجمان پنجاب فوڈ اتھارٹی کے مطابق یہ کارروائی ڈی جی پنجاب فوڈ اتھارٹی راجہ منصور احمد کی خصوصی ہدایات پر کی گئی۔ فوڈ سیفٹی ٹیم نے چک 139 اے میں قائم غیر قانونی سلاٹر ہاؤس پر چھاپہ مارا، جہاں بڑی مقدار میں ناقص گوشت ذخیرہ کیا گیا تھا۔ کارروائی کے دوران پولیس اور محکمہ لائیو سٹاک کے اہلکار بھی موجود تھے تاکہ قانونی تقاضے مکمل کیے جا سکیں۔
محکمہ لائیو سٹاک کے ویٹرنری ڈاکٹر نے گوشت کا معائنہ کرنے کے بعد اسے انسانی صحت کے لیے انتہائی مضر قرار دیا۔ بعد ازاں تمام برآمد شدہ گوشت کو پولیس اور متعلقہ حکام کی موجودگی میں تلف کر دیا گیا تاکہ اسے دوبارہ مارکیٹ میں فروخت نہ کیا جا سکے۔
ڈی جی پنجاب فوڈ اتھارٹی راجہ منصور احمد کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کی خصوصی ہدایات پر بیمار اور مردہ جانوروں کے گوشت کی خرید و فروخت میں ملوث عناصر کے خلاف صوبہ بھر میں بلاامتیاز کریک ڈاؤن جاری ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ عوام کی صحت پر سمجھوتہ کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا اور غیر معیاری و مضرِ صحت خوراک فروخت کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ انہوں نے شہریوں سے بھی اپیل کی کہ ناقص یا مشکوک خوراک کی فروخت کی اطلاع فوری طور پر پنجاب فوڈ اتھارٹی کو دیں تاکہ بروقت کارروائی یقینی بنائی جا سکے














