مری(پنجاب پوسٹ) مری کی یونین کونسل دیول میں پانی کے تنازع پر ایک خاتون پر مبینہ قاتلانہ حملے کا واقعہ پیش آیا، جس میں خاتون شدید زخمی ہو گئیں، جبکہ پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو گرفتار کر لیا۔
پولیس کے مطابق واقعہ تھانہ پھگواڑی کی حدود میں پیش آیا، جہاں مبینہ طور پر اشتہاج نامی ملزم نے تیز دھار ہتھیار، خنجر، سے نبیلہ نثار پر حملہ کر دیا۔ حملے کے نتیجے میں خاتون کے بازو، انگلیوں اور جسم کے دیگر حصوں پر شدید زخم آئے۔
اطلاع ملتے ہی ڈی پی او مری رضا تنویر سپرا نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے مقدمہ درج کرنے اور ملزم کی فوری گرفتاری کے احکامات جاری کیے۔ پولیس نے تھانہ پھگواڑی میں مقدمہ نمبر 93/26، دفعہ 324 تعزیراتِ پاکستان کے تحت درج کر لیا۔
ڈی پی او کی ہدایت پر ایس ایچ او تھانہ پھگواڑی کی سربراہی میں خصوصی ٹیم تشکیل دی گئی، جس نے کارروائی کرتے ہوئے ملزم اشتہاج ولد ریاض، سکنہ ڈھوک بانڈی، یونین کونسل لوئر دیول، تحصیل و ضلع مری کو گرفتار کر لیا۔
زخمی خاتون نبیلہ نثار زوجہ عبدالقدیر کو فوری طور پر طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ان کا علاج جاری ہے۔پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی مزید تفتیش جاری ہے، جبکہ گرفتار ملزم کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جا رہی ہے۔













