صادق آباد(پنجاب پوسٹ)کے علاقے ماچھی گوٹھ میں انسانیت سوز واقعہ پیش آیا جہاں گڈز ٹرانسپورٹ سے وابستہ چند ڈرائیورز نے ایک نوجوان کو مبینہ طور پر پانچ ہزار روپے چوری کے الزام میں برہنہ کرکے بدترین تشدد کا نشانہ بنایا۔ پولیس نے متاثرہ نوجوان کی والدہ کی مدعیت میں مقدمہ درج کرکے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔
تفصیلات کے مطابق ماچھی گوٹھ میں ملزمان نے نوجوان کو پہلے رسی سے باندھا، پھر اس کے کپڑے اتار کر ڈنڈوں اور تھپڑوں سے تشدد کیا۔ واقعے کے دوران ملزمان نہ صرف نوجوان پر تشدد کرتے رہے بلکہ اس کی ویڈیو بھی بناتے رہے، جس سے واقعے کی سنگینی مزید بڑھ گئی۔
پولیس کے مطابق متاثرہ نوجوان کی والدہ کی درخواست پر تھانہ صدر صادق آباد میں مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ قانون نافذ کرنے والے اداروں نے واقعے کی مکمل تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے اور ملزمان کی گرفتاری کے لیے کارروائی جاری ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے میں ملوث تمام افراد کو قانون کے مطابق انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔













