لاہور( پنجاب پوسٹ ) کاہنہ کے علاقے ویلنشیاء ٹاؤن میں خاتون اور تین بچوں کی پراسرار ہلاکت کے معاملے میں پولیس نے قتل کا مقدمہ درج کر کے تحقیقات کا دائرہ مزید وسیع کر دیا۔
پولیس کے مطابق سب انسپکٹر چوکی ہلوکی ضیغم عباس کی مدعیت میں مقدمہ دفعہ 302 کے تحت درج کیا گیا ہے۔ مقدمے میں جاں بحق ہونے والوں میں 15 سالہ ریحان، 12 سالہ اریشہ، 11 سالہ ارسل اور ان کی والدہ علینہ شامل ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : کچن میں کھانا بنانے پر جھگڑا ، جٹھانی نے دیورانی پر پٹرول چھڑک کر آگ لگا دی
تحقیقات کے دوران جائے وقوعہ سے ملنے والے پارسل ڈلیوری کے شواہد اور کچن سے کھانے کی پلیٹوں کے نمونے فرانزک تجزیے کے لیے بھجوا دیے گئے ہیں تاکہ ہلاکتوں کی اصل وجہ کا تعین کیا جا سکے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ جاں بحق خاتون علینہ ذہنی مرض میں مبتلا تھیں اور ان کا علاج جاری تھا، جبکہ ناصر سے تفتیش کا عمل بھی جاری ہے۔ ذرائع کے مطابق ناصر یکم جولائی کو پاکستان آیا تھا اور اس سے قبل طویل عرصے تک برطانیہ اور امریکہ میں مقیم رہا۔
چاروں افراد کی لاشوں کا پوسٹ مارٹم کیا جا رہا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ پوسٹ مارٹم اور فرانزک رپورٹس موصول ہونے کے بعد ہی ہلاکتوں سے متعلق مزید حقائق سامنے آئیں گے۔








