گجرات ( پنجاب پوسٹ ) گجرات کے تھانہ ٹانڈہ کے علاقے قلعہ سورہ سنگھ میں غیرت کے نام پر قتل کا افسوسناک واقعہ پیش آیا، جہاں دو سگے بھائیوں نے مبینہ بدچلنی کے شبہ میں اپنی سگی بہن ثمرہ بی بی کو فائرنگ کر کے قتل کر دیا۔
پولیس کے مطابق واقعے کی اطلاع ملتے ہی فوری کارروائی کرتے ہوئے ایس ایچ او ٹانڈہ عثمان وارث کی سربراہی میں خصوصی ٹیمیں تشکیل دی گئیں، جنہوں نے چند ہی گھنٹوں میں دونوں ملزمان، محمد الیاس اور محمد اقبال کو آلۂ قتل سمیت گرفتار کر لیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ مقتولہ ثمرہ بی بی اور ملزم کی بیٹی کے اغوا سے متعلق مقدمہ یکم جون کو درج ہوا تھا، جس کے بعد عدالت نے دونوں خواتین کو اپنی مرضی سے خاندان کے ساتھ جانے کی اجازت دی تھی۔ عدالتی فیصلے کے بعد ثمرہ بی بی اپنے بھائی محمد الیاس کے گھر مقیم تھی، جہاں ملزمان نے مبینہ طور پر بدچلنی کے شبہ میں اسے فائرنگ کر کے قتل کر دیا۔
واقعے کا مقدمہ تھانہ ٹانڈہ میں سرکار کی مدعیت میں قتل، اعانتِ جرم اور دیگر سنگین دفعات کے تحت درج کر لیا گیا ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ غیرت کے نام پر ہونے والے اس بہیمانہ قتل میں ملوث ملزمان کے خلاف مضبوط شواہد کے ساتھ چالان عدالت میں پیش کیا جائے گا اور انہیں قانون کے مطابق سخت ترین سزا دلوانے کے لیے تمام قانونی تقاضے پورے کیے جائیں گے۔













