لایور ( پنجاب پوسٹ ) ڈپٹی کمشنر لاہور کیپٹن (ر) محمد علی اعجاز کی زیر صدارت ایک اہم اجلاس میں فیفا ورلڈ کپ 2026 کے فائنل میچ کی لائیو سکریننگ کے انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس، میٹروپولیٹن کارپوریشن لاہور ، لاہور پولیس ، پی ایچ اے، پیرا اور دیگر متعلقہ اداروں کے افسران نے شرکت کی۔
اجلاس میں لبرٹی چوک پر اتوار اور پیر کی درمیانی شب 12 بجے ہونے والے فیفا ورلڈ کپ فائنل کی لائیو سکریننگ کے لیے کیے جانے والے انتظامات پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ ڈپٹی چیف آفیسر ایم سی ایل نے لبرٹی چوک میں نصب کی جانے والی بڑی ایل ای ڈی سکرین، ساؤنڈ سسٹم، بیٹھنے کے انتظامات اور دیگر سہولیات سے متعلق پلان پیش کیا۔
یہ بھی پڑھیں : Sorry Boys! یہ آفر صرف لڑکیوں کے لیے ہے،وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف
ڈپٹی کمشنر لاہور نے تمام متعلقہ محکموں کو ہدایت کی کہ وہ مشترکہ طور پر لبرٹی چوک کا دورہ کرکے انتظامات کو حتمی شکل دیں تاکہ شائقین کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ انہوں نے واضح کیا کہ لائیو سکریننگ کے دوران سکیورٹی کے فول پروف انتظامات اور ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے لیے جامع پلان پر مؤثر انداز میں عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔
ڈی سی لاہور نے شہریوں کی سہولت کے لیے مناسب پارکنگ، بہترین معیار کی ایل ای ڈی سکرین، جدید ساؤنڈ سسٹم اور صاف ستھرے ماحول کی فراہمی پر بھی زور دیا۔ انہوں نے ہدایت کی کہ پی ایچ اے، پیرا اور پولیس حکام سکریننگ ایریا میں نظم و ضبط برقرار رکھنے اور شہریوں کی حفاظت کو ہر صورت یقینی بنائیں۔
اس موقع پر ڈپٹی کمشنر لاہور کیپٹن (ر) محمد علی اعجاز نے کہا کہ لبرٹی چوک میں فٹ بال کے شائقین کے لیے ایک یادگار اور پرجوش ماحول فراہم کیا جائے گا تاکہ وہ نیویارک سے براہِ راست نشر ہونے والے فیفا ورلڈ کپ 2026 کے فائنل کا لطف محفوظ اور منظم انداز میں اٹھا سکیں۔ انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ اور تمام متعلقہ ادارے شائقین کو بہترین سہولیات فراہم کرنے کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں۔













