جہلم (پنجاب پوسٹ) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے وژن کے تحت محکمہ آبپاشی نے نیو جلالپور کینال میں پانی کا آزمائشی اجراء کر دیا۔ صوبائی وزیر آبپاشی میاں کاظم علی پیرزادہ نے بتایا کہ 117 کلومیٹر طویل نیو جلالپور کینال کا آغاز دریائے جہلم پر واقع رسول ہیڈ ورکس سے ہوتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ منصوبہ ضلع جہلم اور خوشاب کے تقریباً ایک لاکھ 70 ہزار ایکڑ زرعی رقبے کو سیراب کرے گا، جس سے زرعی پیداوار میں اضافہ، غذائی تحفظ کو فروغ اور زیرِ زمین پانی پر انحصار میں نمایاں کمی آئے گی۔
یہ بھی پڑھیں: لاہور اور راولپنڈی میں آٹے کی وافر فراہمی برقرار، قلت کا تاثر بے بنیاد قرار
صوبائی وزیر کے مطابق نیو جلالپور کینال پنجاب کے آبی انفراسٹرکچر میں ایک اہم اضافہ ہے، جو کسانوں کی خوشحالی، زرعی ترقی اور پائیدار آبی وسائل کے مؤثر استعمال میں سنگِ میل ثابت ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ یہ منصوبہ صوبے میں زرعی انقلاب اور معاشی استحکام کی نئی راہیں ہموار کرے گا۔
دریائے جہلم صدیوں سے پنجاب کی تہذیب، زراعت اور خوشحالی کا امین رہا ہے۔ آج نیو جلال پور کینال میں پانی کے آزمائشی اجرا کے ساتھ اس تاریخی دریا کی ایک نئی داستان رقم ہو رہی ہے، جو ترقی، پائیدار آبی وسائل کے مؤثر استعمال اور آئندہ نسلوں کی خوشحالی کی نوید ہے۔
محکمہ آبپاشی پنجاب جدید انجینئرنگ، مؤثر آبی نظم و نسق اور پائیدار ترقی کے اصولوں کے تحت صوبے میں آبپاشی کے نظام کو مزید مستحکم بنانے اور زرعی شعبے کی ترقی کے لیے اپنی کاوشیں جاری رکھے ہوئے ہے۔













