پنجاب (پنجاب پوسٹ)ٹریفک پولیس نے ڈی آئی جی ٹریفک پنجاب محمد وقاص نذیر کی ہدایت پر صوبہ بھر میں ٹریفک قوانین پر سختی سے عمل درآمد کے لیے جاری کریک ڈاؤن مزید تیز کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت کے مطابق قانون کی بالادستی، محفوظ سفر اور ٹریفک کی روانی کو یقینی بنانے کے لیے تمام فیلڈ افسران کو متحرک رہنے کی ہدایت جاری کر دی گئی ہے۔
ترجمان ٹریفک پولیس کے مطابق گزشتہ ایک ہفتے کے دوران بغیر ہیلمٹ موٹرسائیکل چلانے والوں کو 51 ہزار سے زائد چالان ٹکٹ جاری کیے گئے، جبکہ لاہور میں سنگین ٹریفک خلاف ورزیوں پر 16 ہزار سے زائد چالان کیے گئے۔ اسی عرصے میں ون وے کی خلاف ورزی پر 15 ہزار سے زائد گاڑیوں کے خلاف کارروائی کی گئی، دورانِ ڈرائیونگ موبائل فون استعمال کرنے والے 18 ہزار سے زائد شہریوں کے چالان کیے گئے، جبکہ سیٹ بیلٹ استعمال نہ کرنے پر 11 ہزار سے زائد افراد کے خلاف بھی کارروائی عمل میں لائی گئی۔
یہ بھی پڑھیں:لاہور میں بجلی چوروں پر بڑا وار…لاہور پولیس نے مافیا کی کمر کیسےتوڑی؟
ڈی آئی جی ٹریفک محمد وقاص نذیر نے کہا کہ ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی نہ صرف اپنی بلکہ دوسروں کی جان کو بھی خطرے میں ڈالتی ہے، اس لیے شہری محفوظ سفر کے لیے ٹریفک قوانین کی مکمل پاسداری کریں۔








