لاہور میں بجلی چوروں پر بڑا وار…لاہور پولیس نے مافیا کی کمر کیسےتوڑی؟

لاہور( پنجاب پوسٹ ) لاہور پولیس نے لیسکو کے تعاون سے شہر بھر میں جاری گرینڈ آپریشن کے دوران رواں سال 10 ہزار سے زائد بجلی چوروں کو گرفتار کر لیا، جبکہ مختلف تھانوں میں 9 ہزار سے زائد مقدمات بھی درج کیے جا چکے ہیں۔

ترجمان لاہور پولیس کے مطابق بجلی چوری کے خلاف کارروائیاں شہر کے مختلف علاقوں میں مسلسل جاری ہیں، جہاں پولیس اور لیسکو کی مشترکہ ٹیمیں بجلی چوری میں ملوث عناصر کے خلاف متحرک ہیں۔ آپریشن کا مقصد قومی وسائل کے ضیاع کو روکنا اور بجلی کے نظام کو مزید مؤثر بنانا ہے۔

سی سی پی او لاہور بلال صدیق کمیانہ نے واضح ہدایت جاری کی ہے کہ قومی وسائل کو نقصان پہنچانے والوں کے ساتھ کسی قسم کی رعایت نہیں برتی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ بجلی چوروں کے خلاف جاری کریک ڈاؤن کو مزید مؤثر بنانے کے لیے پولیس اور لیسکو کے درمیان باہمی رابطے اور تعاون کو مزید مضبوط کیا جائے۔

سی سی پی او نے متعلقہ افسران کو یہ بھی ہدایت کی کہ صرف بجلی چوری کرنے والوں ہی نہیں بلکہ بجلی چوری کے لیے استعمال ہونے والی غیرقانونی ڈیوائسز تیار کرنے والے عناصر کے خلاف بھی سخت کارروائی عمل میں لائی جائے تاکہ اس منظم نیٹ ورک کا مکمل خاتمہ ممکن بنایا جا سکے۔

انہوں نے مزید ہدایت کی کہ بجلی چوری سے متعلق زیرِ تفتیش مقدمات کو تیز رفتاری سے منطقی انجام تک پہنچایا جائے تاکہ قانون شکن عناصر کو جلد از جلد انصاف کے کٹہرے میں لایا جا سکے۔

لاہور پولیس کا کہنا ہے کہ بجلی چوری کے خلاف یہ مہم آئندہ بھی پوری شدت سے جاری رہے گی اور قومی وسائل کو نقصان پہنچانے والے ہر فرد کے خلاف بلاامتیاز قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

Share this article

سبسکرائب

سبسکرائب بٹن دبا کر، آپ تصدیق کرتے ہیں کہ آپ نے ہماری پرائیویسی پالیسی پڑھ لی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے